0
Tuesday 6 Aug 2013 19:25

جماعت اسلامی قیام امن و عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

جماعت اسلامی قیام امن و عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں حکومتی تبدیلیوں کے باوجود دہشت گردی سمیت عوام کے سلگتے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ توانائی کے بحران سمیت اہم ملکی مسائل کے فوری اور پائدار حل کیلئے قومی کمیشن قائم کیا جائے۔ حالیہ بارشوں میں کراچی و حیدرآباد کے عوام کو ایک سازش کے تحت ڈبویا گیا۔ بلدیاتی بجٹ حقیقی ملازمین کی تنخواہوں کے بجائے کہیں اور جگہ منتقل کرنے اور اس مشکل گھڑی میں عوام کو بے یار و مددگار چھوڑنے والے اداروں کا احتساب ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امراء اسداللہ بھٹو، عبدالغفار عمر اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
 
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ دیہات میں اغوا برائے تاوان، ڈاکو کلچر اور شہری علاقوں میں دہشت گردوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ صوبائی دارالحکومت اور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی بدامنی کا گڑہ بنا ہوا ہے۔ صرف رواں سال چھ ماہ میں ڈھائی ہزار سے زائد لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ کراچی ہی سے تعلق رکھنے والے نومنتخب صدر ممنون حسین کراچی میں قیام امن اور مسائل کے حل کیلئے دہشت گردوں سے مفاہمتی پالیسی سے بالاتر ہو کر قانون کی حکمرانی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ کراچی سمیت صوبہ کی معاشی خوشحالی میں امن و امن کی مخدوش صورتحال سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی قیام امن اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بلامشروط حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 290339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش