QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی کیلئے پاک فوج سے مدد مانگ لی

7 Aug 2013 00:18

اسلام ٹائمز: سیاسی جماعتوں نے ضمنی انتخابات کے دوران سندھ بالخصوص کراچی میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔


اسلام تائمز۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی الیکشن کمیشن شیرافگن نے اعلٰی فوجی حکام سے ملاقات کی اور ضمنی انتخابات کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔ سیاسی جماعتوں نے ضمنی انتخابات کے دوران سندھ بالخصوص کراچی میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پولنگ ڈے پر فوج تعینات کی جائے گی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیل طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن سیلاب سے متاثر ہوئے تو پولنگ اسکیم تبدیل کرنا پڑے گی۔ ملک بھر کے بیالیس حلقوں میں ضمنی انتخابات بائیس اگست کو ہوں گے۔ 

دوسری طرف الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو انتیس اگست تک مالی گوشوارے جمع کرانے کیلئے دوبارہ ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات مانگی ہیں۔ الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں مقررہ تاریخ سے قبل اپنی مالیاتی پوزیشن واضح کریں اور اپنے اثاثوں اور فنڈنگ کی تفصیلات انتیس اگست تک الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔ مالی گوشواروں کے فارمز مرکزی اور صوبائی دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مالی حسابات چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ کرانے کے بعد جمع کرائے جائیں۔ مقررہ تاریخ تک مالی گوشوارے جمع نہ کرانے والی جماعتوں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے پارٹی نشان جاری نہیں کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 290366

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/290366/الیکشن-کمیشن-نے-ضمنی-انتخابات-کے-دوران-سکیورٹی-کیلئے-پاک-فوج-سے-مدد-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org