QR CodeQR Code

شہید عارف الحسینی کے افکار کو اپنا کر پاکستان کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے، علامہ عبدالحسین

7 Aug 2013 02:32

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کہنا تھا کہ شہید قائد نے حقیقی معنوں میں امام خمینی (رہ) کا روحانی فرزند ہونے کا حق ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی (رہ) کے افکار کو مشعل راہ بنا کر پاکستانی قوم تمام بحرانوں سے نکل سکتی ہے۔ شہید قائد نے حقیقی معنوں میں امام خمینی (رہ) کا روحانی فرزند ہونے کا حق ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف الحسینی کی برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کو یہ اعزاز ہے کہ قائد شہید کے مشن کو زندہ کیا اور ان کے افکار کو لیکر آگے آئی۔ پاکستان کے حالات کسی صورت بھی اس امر کے متقاضی نہیں کہ ہم ایک دوسرے پر تنقید کریں، اگر کوئی ملک و ملت کیلئے کوئی بہتر اقدام کرتا ہے تو اس کو سراہا جائے اور اگر کوئی کچھ نہیں کرتا تو اس پر تنقید کرنے کی بجائے ہمیں اس اندھیرے میں خود شمع روشن کرکے اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جن بحرانوں میں گھرے ہوئے ہیں، ان کا آسان حل یہی ہے کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی (رہ) کے مشن اور افکار کو اپنا لیا جائے، کیونکہ قائد شہید کی شخصیت بے پناہ خصوصیات کی حامل تھی، شہید کے افکار پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد پاکستان میں استعمار دشمنی کی علامت بن گئے تھے، اسی جرم میں انہیں شہید کیا گیا۔ تاہم شہید قائد نے حقیقی معنوں میں امام خمینی (رہ) کا روحانی فرزند ہونے کا حق ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 290420

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/290420/شہید-عارف-الحسینی-کے-افکار-کو-اپنا-کر-پاکستان-بحرانوں-سے-نکالا-جاسکتا-ہے-علامہ-عبدالحسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org