QR CodeQR Code

صدارتی انتخاب کی تاریخ کی تبدیلی کیلئے نواز لیگ کی دائر درخواست جھوٹی ثابت ہوئی، اعجاز درانی

7 Aug 2013 20:12

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں ترجمان بلاول ہاﺅس نے کہا کہ ”عمرے اور اعتکاف“ کے نام پر جھوٹ اور دروغ گوئی کے باوجود درخواست گزار راجہ ظفرالحق اور ممنون حسین تک نے عمرے کرنے اور اعتکاف میں بیٹھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاﺅس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک کی مقدس شب اور پورا دن گزر گیا۔ 24 جولائی کو نواز لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کی جانے والی درخواست جھوٹی اور بے بنیاد ثابت ہوئی۔ نواز لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کی ایک فیصد تعداد بھی عمرے پر روانہ نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نے اعتکاف میں بیٹھنے کی زحمت گوارا کی اور تو اور درخواست گزار سینیٹر راجہ ظفرالحق اور مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار نے بھی عمرے پر جانے اور اعتکاف میں بیٹھنے سے اجتناب کیا جو سراسر توہین عدالت کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں اعجاز درانی نے کہا کہ صدارتی انتخاب کی تاریخ کی تبدیلی کے لئے نواز لیگ کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کی جانب سے "عمرے اور اعتکاف" کے نام پر دائر کی جانے والی درخواست اور خودساختہ مذہبی دلائل اب 27 رمضان المبارک کا دن گزر جانے کے بعد مکمل طور پر جھوٹ اور بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں کیونکہ 30 جولائی کے یکطرفہ انتخابی نتائج کے حصول کے بعد نواز لیگ اور ان کے اتحادیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی 5 فیصد تعداد نے نہ تو عمرے کی سعادت حاصل کی اور نہ ہی وہ 20 رمضان المبارک کو اعتکاف میں بیٹھنے کے لئے مساجد میں تشریف لے گئے۔
 
ترجمان بلاول ہاﺅس اعجاز درانی نے واضح کیا کہ 24 جولائی کو دائر کی جانے والی مذکورہ درخواست کے مقاصد پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو جانے کے بعد نہ صرف صدارتی انتخابات کی حیثیت مزید غیر آئینی ہو گئی ہے بلکہ درخواست گزار راجہ ظفرالحق سمیت نواز لیگ اور ان کے اتحادیوں کے تمام اراکین پارلیمنٹ کے عدالتی بیانات توہین عدالت کے زمرے میں داخل ہوگئے ہیں۔ جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے لئے ایک کھلا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا یہ امر بھی انتہائی حیرت کا باعث ہے کہ جھوٹ اور دروغ گوئی کے شرمناک فعل کے باوجود بھی خود درخواست گزار راجہ ظفرالحق اور ان کے صدارتی امیدوار ممنون حسین تک نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے اور اعتکاف میں بیٹھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ اعجاز درانی نے کہا کہ معزز قانون دان، وکلاء برادری، قومی میڈیا اور سول سوسائٹی اس حقیقت کو بھی اپنے سامنے رکھیں کہ 30 جولائی کے صدارتی انتخاب میں نواز لیگ اور ان کے اتحادیوں نے اپنے صدارتی امیدوار کے حق میں 878 ووٹ کاسٹ کئے تھے لیکن وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چند بااثر حکومتی شخصیات کے علاوہ کسی نے بھی سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست کی نہ صرف پاسداری نہیں کی بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کے سامنے پاکستان اور یہاں کی اعلی عدالتوں کی جگ ہنسائی کی۔


خبر کا کوڈ: 290695

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/290695/صدارتی-انتخاب-کی-تاریخ-تبدیلی-کیلئے-نواز-لیگ-دائر-درخواست-جھوٹی-ثابت-ہوئی-اعجاز-درانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org