QR CodeQR Code

انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف قومی ایجنڈے پر سب یکجا ہوجائیں، نواز شریف

9 Aug 2013 01:26

اسلام ٹائمز: عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ ہمیں اسلام کا معتدل اور حقیقی نظریہ سامنے رکھتے ہوئے اپنی دنیا خود پیدا کرنی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں اپیل کی ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کیخلاف قومی ایجنڈے پر سب یکجا ہوجائیں۔ ہر قومی مسئلے پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا تہوار اسلامی تہذیب و تقافت، مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت، اخوت اور اسلامی اقدار کی علامت ہے۔ یہ دن ایثار، ہمدردی، تقویٰ، خدمت خلق اور احترام انسانیت کا پیغام سموئے ہوئے ہیں۔ اس لئے یہ غریب بہن بھائیوں کی مدد اور غم گساری کا بھی دن ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج کی دنیا کے حالات یکسر تبدیل ہوچکے ہیں، اس لئے ہمیں ہر قومی اہمیت کے مسئلے پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور واضح کرنا ہوگا کہ ہم عزم، استقلال اور اتحاد و اتفاق کی دولت سے مالا مال ایسی زندہ قوم ہیں، جو جدید دنیا کے تقاضوں سے بھی اہم آہنگ ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلام کا معتدل اور حقیقی نظریہ سامنے رکھتے ہوئے اپنی دنیا خود پیدا کرنی ہے۔ موجودہ حکومت نے بھی انہی اصولوں کی روشنی میں دگرگوں معیشت کی عملی اصلاح کا بیڑا اٹھایا ہے۔ وزیراعظم نے قوم سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کیخلاف یکجا ہونے کی اپیل بھی کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں خصوصاً پولیس اہلکاروں اور فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دہشتگردوں کے مذموم ارادوں کی راہ میں دیوار بن گئے۔ انہوں نے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کرکے وطن عزیز کی سلامتی کیلئے ایک تاریخ رقم کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 291022

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/291022/انتہا-پسندی-اور-دہشتگردی-کیخلاف-قومی-ایجنڈے-پر-سب-یکجا-ہوجائیں-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org