QR CodeQR Code

بارہ کہو واقعہ حکومت اور تحقیقاتی اداروں کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، علامہ عامر شمسی

10 Aug 2013 23:54

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ شہید محافظ امین حسین نے اپنی جان دیکر کئی انسانی جانیں بچا لیں، دہشتگرد کی شناخت کے بعد اب اس کے نیٹ ورک تک پہنچنا تحقیقاتی اداروں کا کام ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی نے علی مسجد اسلام آباد میں خودکش حملہ کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محافظ امین حسین نے اپنی جان دیکر کئی انسانی جانیں بچا لیں، یہ واقعہ حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، دہشتگرد کی شناخت کے بعد اب اس کے نیٹ ورک تک پہنچنا تحقیقاتی اداروں کا کام ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جیسے ہائی سیکورٹی زون شہر میں خودکش حملہ آور کی دہشتگردی کی کوشش اور اس کے بعد مقامی انتظامیہ کے درعمل نے عوام کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عید کے روز ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کرنے کے دعوے محض کاغذی تھے، صرف اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات کو سیکورٹی فراہم کی گئی جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بارہ کہو میں دہشتگرد کی ٹائمنگ غلط نہ ہوتی اور محافظ امین حسین اپنی جان پر کھیل کر اس خودکش حملہ آور کو واصل جہنم نہ کرتا تو بہت بڑا سانحہ رونماء ہوسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کی نعش حکومت اور تحقیقاتی اداروں کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، دہشتگرد کی شناخت کے بعد اس کے نیٹ ورک تک پہنچنا اور اس کو بے نقاب کرنا بھی حکمرانوں اور تحقیقاتی اداروں کا فرض ہے۔


خبر کا کوڈ: 291332

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/291332/بارہ-کہو-واقعہ-حکومت-اور-تحقیقاتی-اداروں-کیلئے-ٹیسٹ-کیس-ہے-علامہ-عامر-شمسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org