0
Monday 13 Apr 2009 09:37

امریکا کو بتادیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے، شاہ محمود قریشی

امریکا کو بتادیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے، شاہ محمود قریشی
نئی دہلی/اسلام آباد، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو اچھے تعلقات کیلئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کو حل کرنا ہوگا، امریکا کو بتا دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی میں آئی ایس آئی کا کردار مثبت ہے، اپنے ایک انٹرویو میں انہوں کہا کہ بھارت کے خدشات کو صرف بات چیت کے ذریعہ دور کیا جا سکتا ہے، ہم بھارت کے خدشات سے آگاہ ہیں مگر ان خدشات کو پاکستان کے ساتھ تعاون کے ذریعہ دور کیا جا سکتا ہے نہ کہ پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر کے، منفی پالیسی بھارت کے مفاد میں نہیں ہو گی، بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت سے انکار کر کے دہشت گردوں کے ہاتھ مضبوط کر رہا ہے، بھارت کو جلد ہی اس کا احساس ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت اور پاکستان دونوں کے مشترکہ مفاد میں ہے کہ وہ ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں لیکن پاکستان کوئی شرائط قبول نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ایک عالمی مسئلہ ہے اور بھارت میں ہمارے دوستوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہ ایک مشترکہ چیلنج اور مشترکہ دشمن ہے جس سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم کرنے کے حوالہ سے انتہائی مثبت اقدامات کئے ہیں جن کا اعتراف نہیں کیا جا رہا اور آپ اس کو نظرانداز کر رہے ہیں، پاکستانی حکام نے انتہائی اہم افراد کو گرفتار کیا ہے اور بعض اہم تنظیموں پر پابندی عائد کی ہے، ہم نے ان کے اثاثے منجمد کئے ہیں اور یہ عمل جاری ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے تناظر میں پاک بھارت سرحد پر امن کا ہونا دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے، اگر مشرقی سرحد پر کشیدگی ہوئی تو ہماری توجہ ہٹ جائے گی، ہماری مغربی سرحد پر ہماری توجہ مرکوز رہنا ہمارے باہمی مفاد میں ہے۔ ممبئی حملوں کی تحقیقات سے متعلق پاکستان کے اٹھائے گئے اقدامات ،ذکی الرحمان لکھوی اور ضرار شاہ کے خلاف مقدمہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے دیئے گئے شواہد پر کارروائی کرے گا اور اگر ضرورت پڑی تو مزید شواہد مانگے جائیں گے۔ دہشت گردی سے نمٹنے میں آئی ایس آئی کے کردار کے متعلق ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی ایس آئی کی موجودہ قیادت انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے، آئی ایس آئی نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑائی میں مثبت کردار ادا کیا ہے، آئی ایس آئی کی مدد کے بغیر 700 سے زائد القاعدہ عناصر کی گرفتاری ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی نے کسی بھی دوسرے ادارے سے زیادہ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک اور جنرل مولن کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں آئی ایس آئی کے مثبت کردار اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 2916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش