0
Monday 12 Aug 2013 23:53

ہمارے قیدیوں پر سزائے موت کے فیصلے کا اطلاق مسلم لیگ نون کیطرف سے اعلان جنگ تصور ہوگا، تحریک طالبان پنجاب

ہمارے قیدیوں پر سزائے موت کے فیصلے کا اطلاق مسلم لیگ نون کیطرف سے اعلان جنگ تصور ہوگا، تحریک طالبان پنجاب
اسلام ٹائمز۔ تحریک طالبان پنجاب نے دھمکی دی ہے کہ قیدیوں پر سزائے موت کے فیصلے کا اطلاق مسلم لیگ نون کی طرف سے اعلان جنگ تصور ہوگا، جس کی قیمت بہرحال مسلم لیگ نون کو چکانہ ہوگی، میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے صرف ان پارٹیوں سے جنگ کی جو فوج کے ہاتھ کا کھلونا بنیں، مسلم لیگ نون کو غیر محسوس طریقے سے خفیہ اداروں کے عاقبت نہ اندیش لوگ اس جنگ میں الجھانا چاہ رہے ہیں، ہم نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، مگر جیسا کہ پنجاب میں ہمارے قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جا رہے ہیں، اگر انہیں سزائے موت دی جاتی ہے تو اس کا واضح مطلب اس جنگ میں مسلم لیگ نون کی دلچسپی سے تعبیر کیا جائیگا۔ مسلم لیگ نون، اے این پی کے انجام کو یاد رکھے، جس کے کندھوں پر فوج نے بندوق رکھ کر چلائی، پھر وقت آنے پر انہیں تنہا کرکے فوج کسی اور سیاسی قوت کی اوٹ میں ہوگئی۔ آج اے این پی سے تعزیت کرنے بھی کوئی نہیں جارہا۔ کیا مسلم لیگ نون بھی اس روش پر چلے گی۔؟ ہماری نیک اور سنجیدہ خواہش اور اس طرح مسلم لیگ نون سمیت دیگر سنجیدہ سیاسی قوتوں کی مذاکرات کی خواہش کو سبوتاژ کرکے مولانا ولی الرحمٰن پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ جو امریکہ نواز فوجی جرنیلوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت کرایا، جس سے امن کی خواہش ایک بار معدوم ہوگی۔

عصمت اللہ معاویہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کو سزائے موت اس سازش کی ایک دوسری کڑی ہے، جس کا مطلب مسلم لیگ نون اور اس کی اتحادی جماعتوں کو بھی خون کی دلدل میں دھکیلنا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ سنجیدگی دکھائیں، اشتعال انگیز اقدامات سے ملک و قوم کو بچائیں۔ انڈیا سے مذاکرات پر ضد کرنے والے اپنے ملک و قوم کے بیٹوں سے بات سے اجتناب کرکے اسلام اور ملک و ملت سے وفاداری نہیں کر رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ڈرون حملوں کا سدباب، لاپتہ قیدیوں کا معاملہ، قیدیوں سے ناروا سلوک اور مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ملک و قوم کیلئے کوئی اچھا شگون نہیں ہے، اس طرح مذاکرات کی خواہش ایک خواب ہی رہے گی۔ مسلم لیگ نون، تحریک انصاف خود کو امریکہ اور انڈیا نواز اسٹیبلشمنٹ سے بچائیں اور اس جنگ کا حصہ نہ بنیں۔ یاد رہے کہ تحریک طالبان پنجاب کی طرف یہ پہلا بیان سامنے آیا ہے، جو مولانا عصمت اللہ معاویہ کے نام سے جاری ہوا ہے، تاہم اس بیان میں اس کے عہدے کے بارے میں ذکر نہیں کیا گیا۔ بعض صحافیوں کا کہنا ہے کہ اصل میں یہ ایک خط ہے جو تحریک طالبان پنجاب کی طرف سے مسلم لیگ نون کو خط لکھا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 291810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش