0
Tuesday 13 Aug 2013 18:52

یوم آزادی ملک بھر میں جوش وجذبے سے منایا جائے گا

یوم آزادی ملک بھر میں جوش وجذبے سے منایا جائے گا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں بدھ کو وطن عزیز کا 67واں یوم آزادی روایتی جوش و خروش اور قومی وملی حمیت کے جذبے کے ساتھ منایا جائیگا، دن کا آغاز مساجد اور عبادت گاہوں میں ملک و قوم کی سلامتی او رخوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح (رہ) اور پاکستان کا تصور دینے والے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال (رہ) کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہونگی۔

پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کی طرف سے جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت میں اس سلسلہ میں 10ہزار اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہونگے، منچلے اور ون ویلرز سے نپٹنے کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جبکہ ون ویلرز اور سلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا جس میں مرکزی رہنما اور کارکن شرکت کریں گے۔

جشن آزادی کے سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں طلباء و طالبات ملی نغمے پیش کریں گے جبکہ تقریری مقابلوں، کانفرنسوں، سیمینارز اور مباحثوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان قوم بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح(رہ) اور پاکستان کا تصور دینے والے شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال(رہ) کے مزار پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستانی قوم نے آزادی کے دن کو بھرپور انداز میں منانے کے سلسلہ میں گھروں پر سبز ہلالی پرچم لہرانے کے علاوہ گھروں کی چھتوں اور گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجا دیا ہے۔ موٹر سائیکل، سائیکلوں اور ٹرانسپورٹ پر بھی جھنڈے لہرائے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں واقع اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا ہے جبکہ ان عمارتوں پر جہازی سائز قومی پرچم بھی لہرا دئیے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 292120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش