0
Tuesday 13 Aug 2013 21:43

ہم امن اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں، بارہ کہو خودکش حملے میں 8 دہشتگرد ملوث تھے، چوہدری نثار

ہم امن اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں، بارہ کہو خودکش حملے میں 8 دہشتگرد ملوث تھے، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ حکومت کا دہشت گردی کیخلاف جدید بنیادوں پر مشترکہ انٹیلی جنس سیکریٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی سمیت تمام انٹیلی جنس ونگ کے درمیان کوآرڈی نیشن ہوگی، وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نیشنل سکیورٹی پالیسی کا خاکہ 2 ہفتے میں وزیراعظم کو پیش کر دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہوجائیں، اے پی سی جو فیصلہ کرے گی حکومت اس پر عمل کرے گی۔ ہم امن کیلئے بھی تیار ہیں اور جنگ کیلئے بھی، اگر جنگ ہوئی تو دل و جان سے ہوگی، پوری قوم کو اس کیلئے تیار ہونا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ معاملات باتوں سے حل نہیں ہوں گے، مل جل کر حل کرنا ہوں گے، ہم نے اس خطے اور پاکستان میں امن لانا ہے، سیاسی معاملات پر تنقید کریں، قومی سلامتی کو اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے کیلیے ہمارا ساتھ دیں، ہمارے دشمن ہمارے اوپر ہنس رہے ہیں، کہتے ہیں یہ خود تباہ ہو رہے ہیں، سکیورٹی فورسز کہتی ہیں 99 کامیابیوں کو چھوڑ کر 100 ویں ناکامی کی تشہیر کر دی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بارہ کہو میں حملے کی کوشش کرنے والا عید پر مسجد میں حملہ کرنا چاہتا تھا، سکیورٹی فورسز نے کسی حملہ آور کو عید پر حملہ نہیں کرنے دیا، میڈیا سکیورٹی فورسز کو تھوڑی سی تھپکی ضرور دے، بارہ کہو خودکش حملے میں 8 دہشت گرد ملوث تھے، جن میں ایک لڑکی بھی تھی، خودکش حملہ آور وزیرستان کا تھا اور اسلام آباد میں رہ رہا تھا، دہشت گردوں نے جو چشمے پہنے ہوئے تھے وہ برآمد کر لئے گئے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہنا تھا کہ کوئٹہ کو اسلحے سے پاک کریں گے جبکہ کراچی کیلئے سکیورٹی پلان تیار ہے، چیف سیکرٹری سندھ سے کہا ہے کہ سکیورٹی پلان پر آپ عملدرآمد کریں گے۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ مشترکہ انٹیلی جنس سیکریٹریٹ آئندہ 6 سے7 ماہ میں کام شروع کر دے گا، گذشتہ 5 حکومتوں میں سب سے زیادہ اس دفعہ حکومت اور فوجی قیادت میں ہم آہنگی ہے، ڈرون حملوں کے خلاف مشترکہ پالیسی تیار کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 292158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش