0
Thursday 15 Aug 2013 07:02

امریکی غلامی اور موقع پرستی میں نواز شریف، آصف زرداری کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں، لیاقت بلوچ

امریکی غلامی اور موقع پرستی میں نواز شریف، آصف زرداری کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف نے اپنے دعوﺅں کے برعکس محض صدارتی ووٹ کیلئے ایم کیو ایم جیسی مبینہ فاشسٹ تنظیم سے ہاتھ ملا کر موقع پرستی کی بدترین مثال قائم کی ہے، انتخابات کے بعد حکومت سے وابستہ امیدیں ابھی سے دم توڑ رہی ہیں، کراچی میں دہشتگردی وبھتہ خوری کا راج قائم ہے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ٹھٹہ میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں نے امن و امان، کاروبار تباہ اور عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ طائر لاہوتی نے بجٹ کے بعد منی بجٹ، آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریزی اور امریکہ کی غلامی سے لیکر دہشتگردوں سے نام نہاد قومی مفاہمت تک صدر زرداری کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت قابل مذمت ہے جس سے بھارت سے دوستی کیلئے بے تاب حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین، انسانیت کی خدمت اور عدل کے نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ جو اللہ کے خوف اور تقویٰ کے ذریعے ہی ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے، یہ تبدیلی جماعت اسلامی کی دیانت دار، خوف خدا اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار قیادت ہی لاسکتی ہے۔ جماعت اسلامی انتخاب ضرور ہاری ہے، مگر حوصلہ نہیں ہارا۔ اس لئے اس امید اور حقیقی و پائیدار تبدیلی کیلئے ہماری پوری قیادت اور کارکنان نئے جذبے اور امید کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اے پی سی نہیں بلاتے تو اپنی حکومت میں کم از کم قومی اسمبلی میں پیش کردہ متفقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائیں تو بھی کافی ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں، جماعت اسلامی امن اور بھارت سے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی حکومتی کوششوں کو اچھا سمجھتی ہے، مگر بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر کے ان کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں گمشدہ لوگوں کے حوالے اداروں کا رویہ افسوس ناک ہے۔ عدلیہ کے بار بار حکم کے باوجود خاطر خواہ جواب نہیں دیا جاتا یا کسی گمشدہ کی نشاندہی پر ان کو ان کے پیاروں کی مسخ شدہ لاش مل جاتی ہے، یہ انتہائی خطرناک صورتحال کی گھنٹی ہے۔ اگر کسی فرد نے کوئی جرم یا اسٹیٹ مخالف کام کیا ہے تو اس کو قانون کی پکڑ میں لا کر سزادی جاسکتی ہے۔ دنیا بدل چکی ہے قومی سلامتی کے محافظ اداروں کو بھی اپنا رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔
مصنف :
خبر کا کوڈ : 292190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش