0
Wednesday 14 Aug 2013 04:37

صدر پاکستان آصف علی زرداری کا 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام پیغام

صدر پاکستان آصف علی زرداری کا 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام پیغام
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں جدید، متحرک، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنایا جائیگا۔ آئین کی بیخ کنی کی اجازت دینگے نہ ہی جمہوری عمل میں کوئی رخنہ اندازی برداشت کریں گے۔ جمہوریت پر بار بار کے شب خون مارنے اور آئین کی خلاف ورزیوں کے باعث غیر جمہوری قوتیں پروان چڑھیں اور جمہوری ادارے کمزور ہوتے چلے گئے۔ ووٹ کی طاقت پر یقین نہ رکھنے والے انتہاء پسندوں، دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنا ہوگا۔ جمہوریت کے استحکام، ملک کو ترقی پسند بنانے کیلئے عوام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
 
یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ امسال یوم آزادی اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ قوم جشن آزادی کے ساتھ ساتھ پرامن اور جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کی خوشیاں بھی منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہمارے سر اللہ تعالیٰ کے حضور نیاز مندی کے ساتھ جھکے ہوئے ہیں تو ہمیں اس خوشی کے موقع پر یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک جدید متحرک، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنائیں گے۔ صدر نے کہا کہ یوم آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ آج ہم نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ کیا ہم ان اعلیٰ مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوئے ہیں جن کے لئے ہمارے آباﺅ اجداد نے یہ ملک حاصل کیا۔
 
آصف علی زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری تاریخ جمہوری عمل میں مسلسل رخنہ اندازی اور آئین شکنی کے واقعات سے بھری پڑی ہے جس کے لئے بعض ریاستی اداروں نے توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر بار بار کے شب خون اور آئین کی خلاف ورزیوں کی بنا پر جہاں غیر جمہوری قوتیں پروان چڑھیں وہیں جمہوری ادارے کمزور ہوتے چلے گئے۔ نتیجتاً سول و سیاسی ڈھانچہ بھی کمزور ہوا اور پاکستان ایک فلاحی ریاست بننے کے بجائے سیکیورٹی عوامل کے تابع ریاست بنتا چلا گیا اور یوں سیاسی عمل بھی بری طرح متاثر ہوا۔
 
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اب نہ تو آئین کی بیخ کنی کی اجازت دیں گے اور نہ ہی جمہوری عمل میں کوئی رخنہ اندازی برداشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے آئین کو پائمال کیا اور جنہوں نے اس عمل کو قانونی تحفظ دیا ان کو سزا ملنی چاہیے اور ضرور ملے گی۔ یہ اب جمہوری پارلیمان پر منحصر ہے کہ وہ اس سزا کے لئے کیا لائحہ عمل اختیار کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہم ان جمہوری اصولوں اور مقاصد کے حصول کے لئے اپنے آپ کو وقف کریں جن کے لئے ہم نے پاکستان حاصل کیا تھا اور ہم ان انتہاء پسندوں اور دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کریں جو ووٹ کی قوت پر یقین نہیں رکھتے بلکہ اپنے سیاسی تصورات کو لوگوں پر زبردستی مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
 
اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے عناصر کو مکمل طور پر رد کر دیں جو مذہب کو اپنے مخصوص ذاتی و سیاسی ایجنڈا کو عملی جامہ پہنانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ صدر نے عوام کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جمہوریت کو استحکام حاصل ہو اور پاکستان کو ایک ایسی ترقی پسند، جدید اور رواداری کے اصول کی پاسدار ریاست بنایا جا سکے جس کے لئے ہمارے بزرگوں نے جدوجہد کی۔ انہوں نے وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان تمام بہادر شہریوں کی جرات کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے انتہاء پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کیں۔
خبر کا کوڈ : 292235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش