0
Wednesday 14 Aug 2013 05:37

وطن عزیز کے حکمرانوں نے ڈالر کے عوض قومی غیرت اور ملکی وقار کا سودا کیا، غنویٰ بھٹو

وطن عزیز کے حکمرانوں نے ڈالر کے عوض قومی غیرت اور ملکی وقار کا سودا کیا، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک پاکستان کے دوران عظیم تر قربانیاں پیش کرکے اور عظیم جدوجہد کرکے ایک آزاد ملک کی خواہش اس لئے کی تھی کہ اندرونی و بیرونی سامراجی و استحصالی قوتوں سے نجات حاصل کرکے ایک ایسے معاشرے میں زندگی بسر کریں جہاں عوام کو حقیقی آزادی کا وہ جذبہ اور یقین حاصل ہو جو قوموں کو ارتقاء کی نئی منزلوں کی طرف پیش قدمی کیلئے قوت ارادی فراہم کرے اور عوام سیاسی، معاشی مذہبی غرض ہر طرح کے معاملات میں آزاد شہری کی طرح عزت نفس کے تحفظ کے احساس فخر کے ساتھ زندہ رہ سکیں اور ان کی آئندہ نسلیں بھی پنپ سکیں۔

سترکلفٹن سے جاری ہونے والے پیغام میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ وطن عزیز کے حکمرانوں نے ڈالر کے عوض قومی غیرت اور ملکی وقار کا سودا کیا جس کی وجہ سے آج پاکستان تاریخ کے بدترین بحرانوں کا شکار ہے اور حکمران طبقات نے عوامی مسائل کے حل اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے غضبناک کرپشن، لاقانونیت، بے روزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ جیسے خطرناک بحرانوں کو فروغ دیا اور عوام کو مذکورہ مسائل کے عذاب میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی منانا ایک رسم ہو کر رہ گیا ہے اور اب قوم گوروں کے تسلط کے آزاد ہو کر کالے حکمرانوں کی غلام بن چکی ہے پھر آزادی کہاں ہے اور یوم آزادی منانے کا کیا مقصدہے۔ تاہم غنویٰ بھٹو نے کہا کہ قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ متحد و منظم ہو کر آزاد قوم کی طرح ابھریں اور صحیح معنوں میں یوم آزادی منائیں۔
خبر کا کوڈ : 292240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش