0
Thursday 15 Aug 2013 05:05

کراچی، اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت یوم آزادی ریلی، 500 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، بھارتی پرچم نذر آتش

کراچی، اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت یوم آزادی ریلی، 500 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، بھارتی پرچم نذر آتش
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی امیدیں طلبہ ہی سے وابستہ ہیں اور طلباء پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ادا کرینگے۔ بھارت ہمارے صبر کا امتحان نہ لے، طلباء پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی وقاص اعظمی نے تحفظ پاکستان ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ہزاروں کارکنان جمعیت نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں 500 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، 200 فٹ لمبا پاکستانی پرچم بھی لہرایا گیا اور 100 فٹ لمبا بھارتی پرچم نذرآتش کیا گیا۔ ناظم جمعیت کراچی وقاص اعظمی نے کہا کہ آج مصر، فلسطین سمیت تمام اسلامی ممالک میں طاغوتی قوتیں اسلام کا نام و نشان مٹانا چاہتی ہیں اور اسی خواہش کو لیکر بھارت بھی پاکستان کی سرحدوں پر آگیا ہے۔ بھارت ایک طرف کشمیر میں اپنے ظلم و ستم اور بربریت کی مثال قائم کررہا ہے اور دوسری جانب پاکستان کی سرحدوں پر اندھا دھند فائرنگ و گولہ باری کرکے معصوم لوگوں کو شہید کررہا ہے۔ ہم بھارت اور اسکے حواریوں کو یہ بات بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے طلبہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہیں اور وطن عزیز کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ مصر میں بھی مسلمانوں کو بے دردی کیساتھ شہید کیا جارہا ہے اور انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اور پاکستان کی تاریخ 1947ء سے ایک ساتھ شروع ہوتی ہے اور وطن عزیز کے قیام کے 66 سالوں میں جمعیت کے کارکنان نے نہ صرف اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کر کے اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے بلکہ ہر نازک موڑ پر مملکت پاکستان کی سالمیت کی خاطر کسی قسم کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز ہم سے تقاضا کررہا ہے کہ لاکھوں مسلمانوں کی قربانی کے نتیجے میں جن نظریاتی بنیادوں پر اس مملکت کا وجود عمل میں آیا اس کے تحفظ اور استحکام کیلئے تمام رنگ و نسل اور لسانی و مسلکی بنیادوں سے بالاتر ہوکر اسی نہج پر جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ طلبہ کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس کرتے ہوئے پاکستانی معاشرے میں انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں ہر ممکن کردار ادا کرنا اور قوم کے مستقبل کو پر امن اور خوشحال بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کا بھی عہد کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 292640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش