0
Thursday 15 Aug 2013 10:31

دریائے سوات اور کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی شروع

دریائے سوات اور کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی شروع
اسلام ٹائمز۔ مالاکنڈ ڈویژن میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، دریائےسوات، خیالی اور کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور دریا کنارے آباد بستیوں سے لوگوں کی نقل مکانی شروع کرا دی گئی ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے سوات سے 85 ہزار کیوسک کا ریلا دریائے خیالی کی طرف بڑھ رہا ہے، دریائے کابل میں بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پانی کی سطح ایک لاکھ 7 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔ چارسدہ میں شوبڑا اور منظورے، نوشہرہ میں کیمپ کورونہ اور مومین گڑھی کے مکینوں نے سیلاب کے خدشے کے باعث نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ کمشنر پشاور کے مطابق متاثرین کے رہنے کے لئے سرکاری اسکولوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا اور پانی کی سطح بتدریج کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ گوجرانوالہ ریجن میں 18 گھنٹے کی مسلسل بارش کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی تھی، بھارت نے بھی دریائے چناب میں اکھنور کے مقام سے پانی چھوڑ دیا تھا۔ دریائے چناب میں پانی 4 لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا تھا۔ محکمہ ایریگیشن کے مطابق اس وقت پانی کی سطح سوا 3 لاکھ کیوسک ہے اور 5 لاکھ کیوسک کے بڑے سیلابی ریلے کا خطرہ ٹل چکا ہے جب کہ دریائے چناب کے کنارے آبادی کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے لیہ کی درجنوں بستیاں اور فصلیں دریا برد ہوگئیں، لوگوں کی اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی بھی جاری ہے۔ حالیہ بارشوں سے دریائے سندھ کی سطح بلند ہونے کے بعد چشمہ بیراج سے تونسہ بیراج تک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کروڑ لعل عیسن سے پہاڑ پور نشیب تک درجنوں بستیاں اور تیار فصلیں دریا برد ہوگئی ہیں اور علاقے میں تعمیر کئے گئے بند بھی خطرناک حد تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور مزید علاقے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

نشیبی علاقوں کے دامن میں بہنے والے لالا کریک نے تباہی مچا رکھی ہے اور پل زیرآب آنے سے لیہ کا نشیبی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ضلعی حکومت نے 5 مقامات پر ریلیف کیمپ بھی قائم کردیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 292664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش