0
Friday 16 Aug 2013 06:35

زمرد خان کا کارنامہ، ساڑھے پانچ گھنٹوں بعد مسلح شخص زندہ گرفتار

زمرد خان کا کارنامہ، ساڑھے پانچ گھنٹوں بعد مسلح شخص زندہ گرفتار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلیو ایریا کو ساڑھے پانچ گھنٹے یرغمال بنانے والے ملک سکندر کا ڈرامہ ختم ہوگیا، پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان نے اپنی جان پر کھیل کر مسلح شخص کو نہتے ہاتھوں سے ڈھیر کر دیا، زمرد خان نے ثابت کر دیا کہ حوصلہ جوان ہو اور جذبہ سچا ہو تو کوئی دہشت گرد کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ زمرد خان پانچ گھنٹوں تک تگنی کا ناچ نچانے والے مسلح شخص سکندر کے پاس پہنچے، اس کے بچوں سے ہاتھ ملایا اور پھر وہ کچھ ہوگیا، جس کی کسی کو توقع نہ تھی، موقع ملتے ہی زمرد خان چیتے کی طرح سب مشین گن سے مسلح سکندر پر جھپٹے، بوکھلائے ہوئے سکندر نے اسٹریٹ فائر کھولا، زمرد خان نیچے گرے، گولیاں برسیں، ملک سکندر فائرنگ کرتا پیچھے ہٹا اور پھر منہ کے بل زمین پر آگرا، پولیس کمانڈوز نے چاروں طرف سے گھیر کر اسے قابو کرلیا، زخمی حالت میں پکڑا گیا، بیوی بھی گرفتار ہوئی، معصوم بچے محفوظ رہے۔

گھنٹوں تک وفاقی دارالحکومت کی پولیس اور حکومت جو نہ کرسکی وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زمرد خان نے کر دکھایا، کامیابی ملی تو لوگوں نے محبت نچھاور کردی، کندھوں پر اٹھا لیا، میڈیا سے بات کی تو بولے پانچ گھنٹوں سے یہ ڈرامہ دیکھ رہا تھا، برداشت نہ ہوا تو جان ہتھیلی پر رکھ کر چلا آیا۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، ساڑھے پانچ گھنٹوں تک سکندر حیات کو ہر ممکن طریقے سے سمجھایا گیا، لیکن طاقت کے نشے میں چور اس شخص نے سمجھا کہ یہاں اس کا راج چلتا ہے، لیکن ایک زمرد خان نے ثابت کر دیا کہ اگر جذبہ ہو، جنون ہو تو کوئی دہشت گرد دو بندوقیں اٹھا کر اس قوم کو یرغمال نہیں رکھ سکتا۔

سکندر کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے، جس کے بعد اسے سرجیکل آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عائشہ کے مطابق سکندر کی حالت بدستور تشویشناک ہے، اسے 24 گھنٹے کیلئے وینٹی لیٹر پر رکھا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکندر کی اہلیہ بھی آئی سی یو میں ہے، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ترجمان پمز اسپتال وسیم خواجہ کے مطابق 3 سے 4 گھنٹے تک زخمی سکندر کا آپریشن ہوا، سکندر کے گردوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ ترجمان پمز اسپتال کا کہنا تھا کہ سکندر کی اہلیہ کے مطابق وہ نشے کا عادی تھا، تاہم ایسے شواہد نہیں ملے کہ وہ نشے میں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکندر کی زندگی بچانیکی پوری کوشش کر رہے ہیں، سکندر حافظ آباد کا رہائشی ہے، پاسپورٹ بنوانے کیلئے اسلام آباد آیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 292947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش