0
Friday 16 Aug 2013 15:19

کراچی میں ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ، خاتون ورکر اور گارڈ زخمی

کراچی میں ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ، خاتون ورکر اور گارڈ زخمی
اسلام ٹائمز۔ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون ورکر اور گارڈ زخمی ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی ہے، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون ورکر اور گارڈ میر علی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب 20 سے 25 فائر کئے گئے، فائرنگ کے بعد چاروں افراد بلوچ کالونی کی جانب فرار ہوگئے، تاہم اطلاع کے باوجوہ پولیس پون گھنٹے تاخیر سے ایکسپریس نیوز کے آفس پہنچی۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کو جلد صحت یاب کرے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایکسپریس نیوز کے دفترکا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد ازجلد انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزادی جائے گی۔ دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں سے اس افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ گورنر نے انتظامیہ سے ایکسپریس نیوز کے آفس کے باہر سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 293042
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش