QR CodeQR Code

زمرد خان مخالف بیان ثابت کرتا ہے کہ رانا ثناءاللہ ایک ذہنی اور بیمار مریض ہے، ترجمان بلاول ہاوس

16 Aug 2013 18:17

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں اعجاز درانی نے کہا کہ رانا ثناءاﷲ اور نواز لیگ کی دیگر حکومتی شخضیات کو اب ”چوڑیاں اور گھنگھرو“ پہن کر اسلام آباد میں اسی مقام پر بھنگڑے ڈالنے چاہیے جہاں پوری قوم کو شرمندگی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاوس کے ترجمان اعجاز درانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء زمرد خان کے خلاف مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے بیان کو ان کی ذہنی سوچ کی عکاسی اور پوری پاکستانی قوم کی توہین قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کل اسلام آباد میں ایک شخص کی وجہ سے پوری پاکستان قوم ذہنی اذیت میں مبتلا رہی۔ اس موقع پر نواز لیگ کے تمام باختیار وزیر اپنے سرکاری محلات میں بیٹھ کر قوم کی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہے تھے۔ لیکن وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت کسی بھی حکومتی بااختیار شخصیت نے اس تشویشناک صورتحال پر دو بول ادا کرنے کی زحمت تک گوارا نہ کی۔ آج حسب روایت ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نواز شریف اور ان کی پوری حکومت نے بہادر پاکستانی قوم کا مذاق اڑانے کیلئے ایک ایسے شخض کا چناو کیا جو خود ایک ذہنی اور بیمار مریض ہے، زمرد خان مخالف بیان اس بات کو ثابت کرتا ہے۔
 
اعجاز درانی نے کہا کہ یہ امر بھی حیرت اور افسوس کا باعث ہے کہ جب کل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومتی نااہلی کا تماشا پوری دنیا دیکھ رہی تھی تو نواز لیگ کے وزراء اپنے دفاتر اور گھروں کو چھوڑ کر مری اور بھوربھن فرار ہو گئے تھے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ رانا ثناءاﷲ اور نواز لیگ کی دیگر حکومتی شخضیات کو اب ”چوڑیاں اور گھنگھرو“ پہن کر اسلام آباد میں اسی مقام پر بھنگڑے ڈالنے چاہیے جہاں ایک شخص کی وجہ سے پوری پاکستان کی غیرت مند قوم کو شرمندگی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم پاکستانی قوم کو اپنے ایک غیرت مند اور جیالے بیٹے زمرد خان پر فخر ہے کہ جنہوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہویرت بے نظیر بھٹو کی جرات مندی اور بہادری کی یادیں تازہ کر دیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھن والے صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ زمرد خان کا قدم جرات مندانہ نہیں احمقانہ تھا، جب وہ اس کام کیلئے فٹ نہیں تھے تو انہیں اس قسم کا ایکشن نہیں لینا چاہئیے تھا۔


خبر کا کوڈ: 293096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/293096/زمرد-خان-مخالف-بیان-ثابت-کرتا-ہے-کہ-رانا-ثناءاللہ-ایک-ذہنی-اور-بیمار-مریض-ترجمان-بلاول-ہاوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org