0
Friday 16 Aug 2013 19:22

اسلام آباد میں رچایا جانیوالا ڈرامہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے، حافظ سعید

اسلام آباد میں رچایا جانیوالا ڈرامہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ امریکہ پاکستان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر بھارت کے آگے پھینکنے کی سازشیں کر رہا ہے، مصر، شام اور دیگر مسلم ملکوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کھل کر واضح ہو چکے ہیں،بھارت نے پچھلے بارہ برسوں میں خطہ میں امریکہ کی موجودگی سے بہت فائد ے اٹھائے ہیں، پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم تعمیر کر کے اس نے اپنی معیشت مضبوط اور پاکستان کی تباہی کے منصوبے بنائے گئے، اس کی آبی دہشت گردی سے جہاں بجلی و پانی کی کمی کے بحران پیدا ہوئے اور معیشت کو سخت نقصان پہنچا وہاں شدید بارشوں کے موسم میں انڈیا جب چاہتا ہے ڈیموں میں بھرا ہوا پانی چھوڑ کر سیلاب کی صورتحال پیدا کر دیتا ہے، سیلابوں کا راستہ روکنے کیلئے بھارتی آبی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اگر اس بات میں مخلص ہیں کہ پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے نکل آئے،بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو، وطن عزیز پاکستان میں سندھی، بلوچی، پنجابی اور پٹھان کے جھگڑے کھڑے نہ ہوں، سب معاشی و سیاسی مسائل حل اور ملک امن و امان کا گہوارہ بن جائے تو اس کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں اللہ کے دین کو نافذ کیا جائے اور اغیار کی غلامی ترک کر کے اللہ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ و بھارت جس قدر مرضی حکمرانوں سے دوستی کے دم بھرتے رہیں وہ اندر سے اسلام و پاکستان کے گہرے دشمن ہیں، اتحادیوں نے افغانستان پر حملہ کے دوران پاکستان کی زمینیں و فضائیں استعمال کیں اور یہاں بیٹھ کر افغان بھائیوں کے قتل عام کے منصوبے بنائے جاتے رہے لیکن آج انہی اسلام دشمن قوتوں نے ایٹمی قوت کے حامل ملک پاکستان کو نشانہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ساڑھے پانچ گھنٹے تک رچایا جانے والا ڈرامہ اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے حکمران بھی یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ بھارت و امریکہ ان کے دوست اور خیر خواہ نہیں ہیں اور ان کی جانب سے پاکستان کو سخت مشکلات میں مبتلا کیا جارہا ہے مگر اس کے باوجود وہ ملک میں تخریب کاری و دہشت گردی میں ملوث ان اصل قوتوں کا نام تک لینے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کوسیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل میں اللہ کے رسول (ص) سے رہنمائی لینی چاہیے، بعض لوگ کہتے ہیں کہ بھارت کی معیشت ٹھیک جا رہی ہے اور پاکستان کی مستحکم نہیں ہو رہی، ایسے لوگوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ وہ ہندو ہیں سود پر مبنی پالیسیاں اپنا کر کے ترقی کر سکتے ہیں لیکن کلمہ طیبہ پر ایمان رکھنے والے مسلمان صرف اسلام پر عمل کرکے ہی ترقی کر سکتے ہیں اور کامیاب ہو سکتے ہیں،حکمرانوں و عوام کو دین اسلام کی طرف پلٹنا ہو گا، اہل اقتدار کو چاہیے کہ وہ اپنے ہی ہاتھوں سے ملک کو برباد نہ کریں بلکہ قرآن و سنت سے رہنمائی لیکر پالیسیاں ترتیب دی جائیں، اسی سے دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 293115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش