0
Saturday 17 Aug 2013 19:48

دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنا اور انکی کمین گاہوں کو ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ثروت اعجاز قادری

دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنا اور انکی کمین گاہوں کو ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی فنڈنگ روکے بغیر دہشتگردی کے خلاف خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت پاکستان پائیدار امن کیلئے اقتصادی اور سماجی پہلوﺅں پر توجہ دے، معاشی طور پر عوام پریشان حال اور بھوک و افلاس سے مجبور ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ خطے کو ترقی یافتہ اور پرسکون بنانے کیلئے ضروری ہے کہ غیر ملکی مداخلت کو مسترد کرکے دہشتگردی کے خلاف خطے کے ممالک ایک ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ملاقات کیلئے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کی خودمختاری و سلامتی کیلئے حکومت سیسہ پلائی دیوار بن جائے تو امریکا یا دیگر ممالک میں جرات نہیں ہوگی کہ وہ آزادی کے ساتھ ملکی خودمختادری کو چیلنج کرسکیں، اس سلسلے میں حکمرانوں کو بھی اپنا واضح موقف اختیار کرنا ہوگا۔
 
محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگرد سب کا مشترکہ طور پر ایک ہی دشمن ہے اس کی فنڈنگ کو روکنا اور ان کی کمین گاہوں کو ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کے خلاف تفتیشی نظام موثر بنائے تاکہ دہشتگرد عدالتوں سے آسانی سے چھوٹ نہ سکیں بلکہ عدالتیں بھی انہیں آئینی طور پر انجام تک پہچا سکیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ معاشی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ دہشتگرد غریب عوام کی معاشی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر اپنے مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف مثبت قدم بڑھائے سنی تحریک مکمل حمایت کرے گی بلکہ دہشتگردوں کے مکروہ چہروں سے بھی عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرتی رہیگی اور ان میں شعور بیدار کریگی تاکہ انتہاء پسند دہشتگردوں کی شرپسندی سے عوام محفوظ رہ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 293406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش