QR CodeQR Code

سرکاری محکموں کو امریکی ایجنٹوں اور طالبان دوستوں سے پاک کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا

17 Aug 2013 22:31

اسلام ٹائمز:سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا عہدیداروں کے اجلاس میں کہنا تھا کہ امریکہ سے ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے 168 بچوں کے خون کا حساب مانگا جائے، حکمرانوں کے مفاد پرست رشتہ دار اور تابعدار ملک کو کھا رہے ہیں، امریکہ اور برطانیہ سمیت 13ممالک میں سفیروں کی تعیناتی میں تاخیر افسوسناک ہے۔


 اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ افغانی طالبان وطن کے لیے اور پاکستانی طالبان وطن سے لڑ رہے ہیں، امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف صلیبی جنگ شروع کر رکھی ہے، اُمّتِ مسلمہ کو صلاح الدین ایوبی جیسے قائد کی ضرورت ہے، 50 ہزار پاکستانیوں کے قاتل مجاہد نہیں مجرم ہیں، ڈیمز بنائے ہوتے تو سیلاب سے تباہی نہ آتی، ریاستی اداروں میں امریکہ اور طالبان کے مخبر گھسے ہوئے ہیں،سرکاری محکموں کو امریکی ایجنٹوں اور طالبان دوستوں سے پاک کیا جائے، بھارت مہم جوئی سے باز آ جائے اور کشیدگی بڑھانے کی روش چھوڑ دے، زمرد خان کو تمغۂ شجاعت دیا جائے ،زمرد خان کی جرأت کو حماقت قرار دینے والے حسد کا شکار ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے غیررسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکہ سے ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے 168 بچوں کے خون کا حساب مانگا جائے، حکمرانوں کے مفاد پرست رشتہ دار اور تابعدار ملک کو کھا رہے ہیں، حکام کے ذاتی گھروں کو سرکاری گھر قرار دے کر ان کی قومی خزانے سے تزئین و آرائش کا سلسلہ بند کیا جائے، امریکہ اور برطانیہ سمیت 13ممالک میں سفیروں کی تعیناتی میں تاخیر افسوسناک ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہم مصر کی مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ملک کے لیے فل ٹائم وزیرخارجہ اور وزیردفاع ضروری ہیں، ہمارے حکمران سامراج کے آلۂ کار بنے ہوئے ہیں،پاکستان میں لاشیں گرانا کاروبار بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو تجارت بنا لینے والے ملک میں امن قائم نہیں ہونے دیتے، امریکہ اور بھارت پاکستان میں فساد پھیلا رہے ہیں، پاکستان پر 67 سالوں سے کھوٹے سکے حکمرانی کر رہے ہیں، امریکہ پاکستان کو بھارت کی ذیلی ریاست بنانا چاہتا ہے، وزیراعظم اپنے بیٹوں کا کاروبار پاکستان منتقل کریں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بڑھتی ہوئی غربت، بیروزگاری، معاشی ناانصافی اور سماجی ناہمواریوں جیسے مسائل خوفناک حد تک بڑھ چکے ہیں،غربت کی لکیر سے نیچے افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر خوشحالی نہیں آ سکتی بلکہ غریب عوام پر بوجھ مزید بڑھے گا۔ حکمران خزانہ اور طالبان جیلیں لوٹ رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 293449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/293449/سرکاری-محکموں-کو-امریکی-ایجنٹوں-اور-طالبان-دوستوں-سے-پاک-کیا-جائے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org