0
Sunday 18 Aug 2013 09:40

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی دنیا بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، چوہدری مجید

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی دنیا بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کوٹلی، نکیال، تتہ پانی، بٹل اور پونچھ سیکٹرز میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں اور لائن آف کنٹرول پر آباد شہری آبادی کو بھارتی فائرنگ سے محفوظ بنائیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کنڑول لائن پر آباد شہری آبادیوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کرے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور اسکے جارحانہ اقدامات اور غاصبانہ تسلط نے اس خطے کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ امن پسند دنیا بھارت کو اس خطے کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کنڑول لائن پر آباد شہریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ بھارتی حکمران منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مظفرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری مجید نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اس خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے جو کسی بھی لمحے کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کی طرف سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نوٹس لے جس نے اس ریجن کے ڈیڑھ ارب انسانوں کے مستقبل کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیرکے حوالے سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کا کردار مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہت مایوس کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اقوام متحدہ حق خودارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کنڑول لائن پر آباد شہری آبادیوں کو بھارتی فائرنگ سے محفوظ بنانے کے لیے اپنا موثر رول ادا کرے۔

دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی نظر بندی، مسلسل کرفیو، مساجد کی بے حرمتی اور ٹارگٹ کلنگ پر بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں اور قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انھوں نے بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کر لیں۔ بھارتی کی آٹھ لاکھ فوج ریاستی دہشتگردی کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیریوں کو جدا کرنے والی خونی لکیر مٹ کر رہے گی
خبر کا کوڈ : 293506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش