0
Sunday 27 Jun 2010 21:01

نئے ایف 16طیاروں کی فضائیہ میں شمولیت ہمارا خواب تھا،ایئرچیف

نئے ایف 16طیاروں کی فضائیہ میں شمولیت ہمارا خواب تھا،ایئرچیف
جیکب آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکہ سے ملنے والے تین ایف-16بلاک 52طیارے باقاعدہ پاک فضائیہ میں شامل کر لیے گئے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ راو قمر سلیمان کہنا تھا یہ ہمارا خواب تھا،جو آج پورا ہو گیا،مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رکھنا ہو گا۔جبکہ امریکی فضائی کے چیف جنرل نارٹن سوازکش کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی اداروں،عوام اور حکومت کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 
جیکب آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ چیف ائیر مارشل راو قمر سلیمان کا کہنا تھا کہ ایف16 طیاروں کے ملنے سے دونوں ملکوں میں اعتماد میں اضافہ ہو گا،جبکہ پہلے سے موجود ایف16 نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طیاروں کی شمولیت پاک فضائیہ کی ٹیکنالوجی میں نئے باب کا آغاز ہے،اور یہ جہاز پاکستان کو کسی بھی اندرون و بیرونی خطرات سے بچانے کے کام آئیں گے۔
جیکب آباد میں شہباز بیس پر ہونے والی تقریب میں امریکہ سے ملنے والے تین ایف-16بلاک52طیارے باقاعدہ پاک فضائیہ کے بیٹرے میں شامل کر لیے گئے۔تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل راو قمر سلیمان اور امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل نارٹن شوازکس نے بھی شرکت کی۔ایف16 طیاروں کی باقاعدہ شمولیت کی تقریب میں پاکستان میں امریکی سفیر این پیٹر سن بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل نارٹن شوازکس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس پہلے سے موجود ایف16 کو رات کو ہدف کا نشانہ بنانے کیلئے اپ گریڈ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ان جہازوں کی پاک فضائیہ میں شمولیت پاک امریکہ دوستی اور اتحادی ہونے کی مثال ہے۔جنرل شوازکس کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ علاقوں میں یہ طیارے درست اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تقریب میں موجود پاکستان میں امریکی سفیر این پیٹر سن کا کہنا تھا کہ یہ جہاز پاکستانی عوام کو نقصان پہنچانے والے افراد سے بچانے کے کام آئیں گے۔پاکستان امریکہ میں دفاعی تعلقات کے علاوہ توانائی معیشت کے شعبے میں روابط بڑھ رہے ہیں،اور طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے دونوں ممالک میں تعلقات نیا سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں شہریوں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں اور اسپتال اور پانی کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا مقصد خطے اور دنیا مین امن قائم کرنا ہے۔ایف سولہ طیاروں میں سرویلنس،انٹیلی جنس اور دیگر جدید نظام نصب ہیں،ایف16 طیارے ہدف کو نشانہ بنانا اور فضا میں ریفیولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
امریکہ کی جانب سے دیے جانے ولے 3 ایف16بلاک 52طیارے گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔امریکا کی طرف سے پاکستان کو پچھلے سال استعمال شدہ چار ایف سولہ طیارے فراہم کئے گئے تھے،جبکہ کل 18 نئے طیارے بھی دیئے جانے ہیں،ان نئے طیاروں کی فراہمی کا عمل دسمبر 2010ء تک مکمل ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 29375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش