0
Tuesday 20 Aug 2013 09:51

کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی غیر اعلانیہ جنگ ہے، چوہدری عبدالمجید

کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی غیر اعلانیہ جنگ ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت کے اندرونی، انتخابی و سیاسی حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ بھارت کی حکومت اپنی عوام کی توجہ اندرونی سیاسی مسائل سے ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر سنگین صورتحال پیدا کرنے اور جنگی حالات کی طرف پیش قدمی کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور شدید گولہ باری غیر اعلانیہ جنگ ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مظفرآباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کی دھمکی ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ پاکستان اس خطہ میں امن کا خواہاں ہے۔ پاکستان نے کبھی بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف وزری نہیں کی جبکہ بھارتی حکومت اور بھارتی سیکورٹی فورسسز نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور کشمیری عوام کی شروع سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر جو پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل وجہ تنازعہ ہے اس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کا بنیادی حق حق خودارادیت تسلیم کر رکھا ہے اور خود بھارت مسئلہ کشمیر کو لے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ اگر بھارت اپنے وجود کو قائم رکھنا چاہتا ہے تو وہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرکے کشمیری عوام کو آزادانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کو فیصلہ کرنے کا موقع دے۔ اگر بھارت نے اپنا جارحانہ رویہ اسی طرح قائم رکھا تو پھر ریاست جموں و کشمیر کے بیسن کیمپ کے وزیراعظم کی حیثیت سے واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ پاکستانی عوام، حکومت، کشمیری عوام اور مسلح افواج اس گولہ باری کو اپنے ملک کے خلاف جارحیت تصور کرتے ہوئے بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سول آبادی پر بھارت کی گولہ باری اسکی بزدلانہ حرکت ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کی جان و مال، عزت و ناموس کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری اور وہ اپنی ذمہداریون سے غافل نہیں ہے۔ نقصانات کا جائزہ لینے اور فوری امداد مہیا کرنے کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 294050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش