0
Tuesday 20 Aug 2013 10:31

قاہرہ، اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع گرفتار

قاہرہ، اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع گرفتار
اسلام ٹائمز۔ مصری حکام نے خبر دی ہے کہ اسلامی جماعت، اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع کو قاہرہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بدیع کچھ عرصے سے مصر کی عبوری حکومت سے بچنے کے لئے روپوش چلے گئے تھے۔ خیال رہے، محمد بدیع اخوان المسلمین کے روحانی پیشوا تصور کیے جاتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق انھیں نصر شہر میں ایک رہائشی فلیٹ میں زیرِحراست رکھا گیا ہے۔ مصر میں ہنگامی حالت نافذ ہے اور اسلام پسند مظاہرین کے خلاف کارروائی میں اب تک سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ادھر جزیرہ نمائے سینا میں 25 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ جبکہ اتوار کو قاہرہ میں جیل کی ایک وین میں 36 قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔ بدھ کے بعد سے اب تک 900 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جن میں ایک سو سے زائد پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب سابق صدر محمد مرسی کی بحالی کے لئے دھرنا دینے والے مظاہرین کو زبردستی اٹھانے کی کوشش کی گئی۔ مظاہرین کی اکثریت کا تعلق اخوان المسلمین سے تھا۔

محمد بدیع کی گرفتاری سے ایک دن پہلے ان کے صاحبزادے عمار بدیع کو قاہرہ کے رعمسیس چوک میں مظاہرے کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ حکام اور سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ بدیع کو قاہرہ کے شمال مشرق میں واقع شہر نصر کے ایک رہائشی فلیٹ میں رکھا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے اس جگہ سے قریب ہی ایک احتجاجی کیمپ میں جھڑپوں میں خون خرابہ ہوا تھا۔ بدیع کے نائب خیرات الشاطر کو مرسی کی معزولی سے تین روز قبل گرفتار کر لیا گیا تھا۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بدیع کی گرفتار سے پہلے ہی شورش کے شکار ملک میں مزید بے چینی پھیل جائے گی۔ جبکہ تازہ اطلاعات کے مطابق مصر بھر میں شام سے صبح تک کا کرفیو نافذ ہے۔
خبر کا کوڈ : 294053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش