QR CodeQR Code

فضل الرحمان اور عمران کی لڑائی سیاسی ہے اسلامی قرار نہ دیں تو دونوں کے لیے بہتر ہے، خالد شہزاد فاروقی

21 Aug 2013 18:24

اسلام ٹائمز: گلبرگ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے مرکزی رہنما نے کہاکہ ہر نیا آنے والا حکمران اقتدار حاصل کرنے سے قبل تو اسلام اسلام کا پرچار کرتے ہوئے نہیں تھکتا مگر جیسے ہی اِقتدار کی سیڑھی پر پائوں رکھتا ہے اسلامی نظام کا نفاذ اس کے ذہن سے محو ہو جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے مرکزی رہنما خالد شہزاد فاروقی نے کہا ہے کہ ملک قوم کا مستقبل سنوارنے اور ترقی کی بلندیوں کو چھونے کے لئے حکمرانوں اور پوری قوم کو قرآن و سنت کے دامن سے وابستہ ہونا پڑے گا، دنیا کی نظروں میں وقار اور عزت کی تلاش میں حکمران اللہ اور اس کے رسول (ص) سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور پوری قوم کو بھی دین سے دور لے جانے کے ذمہ دار ی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، ان خیالات کا اِظہار انہوں نے گلبرگ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی لڑائی سیاسی ہے کوئی دینی محاذ آرائی نہیں اور نہ ہی اِس لڑائی کا تعلق اسلام سے ہے لہذا دونوں فریق سیاسی لڑائی کو اسلامی لڑائی قرار نہ دیں تو دونوں کے لئے بہتر ہے۔ 

حافظ خالد شہزاد فاروقی نے کہا ہے کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قرآن و سنت سے دوری کی وجہ سے قیامِ پاکستان سے لیکر آج تک ملک وقوم آزمائش سے دوچار ہے، ہر نیا آنے والا حکمران اقتدار حاصل کرنے سے قبل تو اسلام اسلام کا پرچار کرتے ہوئے نہیں تھکتا مگر جیسے ہی اِقتدار کی سیڑھی پر پاں رکھتا ہے اسلامی نظام کا نفاذ اس کے ذہن سے محو ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں، دہشت گردی کا عذاب ہو، مہنگائی کا طوفان ہو یا پھر کرپشن اور بے حیائی کی وبا یہ سب اللہ کے حکموں کی نافرمانی کا نتیجہ ہے جس سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہمیں ہر صورت قرآن و سنت کی طرف پلٹنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 294566

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/294566/فضل-الرحمان-اور-عمران-کی-لڑائی-سیاسی-ہے-اسلامی-قرار-نہ-دیں-دونوں-کے-لیے-بہتر-خالد-شہزاد-فاروقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org