QR CodeQR Code

مذاکرات نہیں دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کیا جائے، صاحبزادہ حامدرضا

21 Aug 2013 20:34

اسلام ٹائمز:چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ لاشیں گرانے والوں کو پھول نہیں پیش کئے جا سکتے، دہشت گردوں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل کیا جائے،وزیراعظم کا قوم سے خطاب تھا، تھے، تھی سے شروع ہو کر گا،گے،گی پر ختم ہو گیا۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات نہیں دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کیا جائے، دہشت گردوں کو مذاکرات کی دعوت دینا آئین کی خلاف ورزی ہے، لاشیں گرانے والوں کو پھول نہیں پیش کئے جا سکتے، دہشت گردوں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل کیا جائے،وزیراعظم کا قوم سے خطاب تھا، تھے، تھی سے شروع ہو کر گا،گے،گی پر ختم ہو گیا، غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ پارلیمانی جمہوریت سے متصادم ہے،پنجاب حکومت کا نیا بلدیاتی نظام اختیارات کی مرکزیت کا آئینہ دار ہے جبکہ ملک کو اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم کی ضرورت ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمران بلدیاتی اداروں کی انتظامی اور مالیاتی آزادی سلب کرنا چاہتے ہیں تاکہ صوبائی وزیراعلیٰ اختیارات کا گھنٹہ گھر بنے رہیں، ملک و قوم کو حکمرانوں کے حسنِ بیان نہیں حسنِ عمل کی ضرورت ہے، اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ معاف کروائے گئے اربوں روپے کے قرضے وصول کئے جائیں، حکمران غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دینے سے پہلے اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں۔

انہوں نے کہاکہ جب حکمرانوں کے بیٹے خود بیرون ملک سرمایہ کاری کریں گے تو بیرونی سرمایہ کار کیسے پاکستان آئیں گے، چھ ماہ میں اندھیرے ختم کرنے کے دعویدار وزیراعظم نے پانچ سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا نیا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پہلا وعدہ اقتدار میں آنے کے لیے تھا اور نیا وعدہ اقتدار میں رہنے کے لیے ہے، پچھلے 66 سالوں میں نیشنل ڈیفنس پالیسی تیار نہ ہونا افسوسناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 294601

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/294601/مذاکرات-نہیں-دہشت-گردوں-کے-خلاف-ایکشن-کیا-جائے-صاحبزادہ-حامدرضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org