QR CodeQR Code

امریکا سمیت سامراجی قوتیں پاک بھارت امن و بھائی چارگی کے قیام میں رکاوٹ ہیں، غنویٰ بھٹو

21 Aug 2013 23:25

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں چیئرپرسن پی پی پی شہید بھٹو نے کہا کہ افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلاء کے موقع پر پاک بھارت کشیدگی اور بھارتی فوج کی اشتعال انگیز کارروائیاں معنیٰ خیز ہیں جن میں امریکی مداخلت کو رد نہیں کیا جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جب افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلاء کا عمل شروع ہو چکا ہے پاک بھارت سرحد پر کشیدگی اور بھارتی فوج کی اشتعال انگیز کارروائیاں معنیٰ خیز ہیں جن میں امریکی مداخلت کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی پاک بھارت تعلقات میں کوئی بہتری کی صورت اجاگر ہوتی ہے اور مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیاں تنازعات کے حل کیلئے راہ ہموار ہونے لگتی ہے ایسے ناخوشگوار حالات رونما ہوتے ہیں جن کو بنیاد بنا کر جنگی جنون کو ہوا دی جاتی ہے۔ ستر کلفٹن کراچی سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ دونوں ممالک خصوصا پاکستانی میڈیا ایسی نازک صوتحال میں غیر ذمہ دار تجزیہ نگاروں کو مدعو کرکے اپنی ریٹنگ بڑھانے کی دوڑ میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کے بجائے عوامی مسائل اور ان کے حل کے بارے میں کارآمد گفتگو کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ دونوں ممالک میں موجود بعض مقتدر اداروں کے اندر ایسے افراد موجود ہیں جو اپنے اپنے مفادات کے تحت پاک بھارت تعلقات کو بہتر اور معمول پر لانے سے خوش نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے عوام اپنی طاقت کے ذریعے حکمران طبقات کو مجبور کریں کہ وہ ان اداروں کے فکر و عمل کے حامل قوتوں پر قابو پاتے ہوئے پاک بھارت تعلقات کو استوار کرنے اور دیرینہ تنازعات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں ورنہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کسی خوفناک صورتحال کو جنم دے سکتی ہے اور دونوں ممالک کے عوام جو پہلے ہی پس ماندگی کا شکار ہیں مزید مصیبت و آلام کا شکار ہو جائیں گے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ یہ بات بھی واضح ہے کہ سامراجی قوتیں بالخصوص امریکا اس خطہ میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن و بھائی چارگی قائم کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔


خبر کا کوڈ: 294636

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/294636/امریکا-سمیت-سامراجی-قوتیں-پاک-بھارت-امن-بھائی-چارگی-کے-قیام-میں-رکاوٹ-ہیں-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org