0
Thursday 22 Aug 2013 12:06

شیعہ ہزارہ سماج ہمیشہ سے تعلیم یافتہ، معتدل اور مہذب لوگوں کا رول ماڈل رہا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

شیعہ ہزارہ سماج ہمیشہ سے تعلیم یافتہ، معتدل اور مہذب لوگوں کا رول ماڈل رہا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

اسلام ٹائمز۔ ہزارہ قومی تنظیم شعبہ خواتین کے ایک وفد نے وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد کے اراکین کو یقین دلایا گیا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے نکات پر یقیناً ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ان کے قابل عمل پہلووں پر عملی اقدامات اُٹھانے کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔ وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ شیعہ ہزارہ سماج ہمیشہ سے ایک معتدل، ترقی پسند، صاف ستھرا، تعلیم یافتہ اور مہذب لوگوں کا ماڈل رہا ہے۔ ہمیں بے حد افسوس ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی کے واقعات میں ہزارہ قوم کے افراد کو شاید سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہرچند کہ بلوچستان اور پورے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں، تاہم کوئٹہ شہر کے اندر شیعہ ہزارہ قبیلے کا نشانہ بن جانا یقیناً تمام سول سوسائٹی اور امن دوست شہریوں کے لئے باعث افسوس ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ شیعہ ہزارہ علاقے میں موجود سرکاری بلڈنگوں کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے بہت جلد بندوبست کیا جائے گا۔ تاکہ صحت، تعلیم اور سپورٹس کے مسائل کافی حد تک علاقے کے اندر ہی حل ہوسکیں۔ صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال کا کہنا تھا کہ اس وقت بدامنی کی وجہ سے شہری آپس میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ ہمیں وہ حالات پیدا کرنے ہوں گے کہ جس سے شہریوں کے مابین مل جل اور روایتی تعلقات کو پروان چڑھانے میں مدد مل سکے اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ اُن کی کوشش یہی ہے کہ پورے بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ شہر میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ تاکہ تمام تر معمولات زندگی بحال ہوں۔ ملاقات میں تنظیم نسل نو ہزارہ مغل کے شعبہ خواتین نے اکادمی ہزارگی (رجسٹرڈ) تنظیم نسل نو ہزارہ مغل کی طرف سے شائع کی گئی کتابوں کا ایک سیٹ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کو پیش کیا۔

خبر کا کوڈ : 294755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش