0
Thursday 22 Aug 2013 19:47

دہشت گردی کسی طور بھی پاکستان کے خیرخواہ نہیں، گورنر پنجاب

دہشت گردی کسی طور بھی پاکستان کے خیرخواہ نہیں، گورنر پنجاب
 اسلام ٹائمز۔ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ فیصلہ کرنا ہو گا اور ایک متفقہ سوچ لے کر ایک ہی سمت چلنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے چیئرمین شیعہ شہریان پاکستان الحاج حیدر علی مرزا کی قیادت میں 15 رُکنی وفد اور سابق صوبائی مشیر مذہبی امور علامہ طاہر اشرفی سے آج گورنر ہاؤس لاہور میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران کیا۔ شیعہ وفد کے دیگر ارکان میں علامہ سید وقار الحسنین نقوی، آغا عباس، علامہ غلام مصطفےٰ انصاری، افسر حسین خاں، سید حسنین جعفرزیدی، علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی، محمد اسلم، میاں خاں، صادق حیدر کرمانی، سید سعادت عباس نقوی، سید خرم عباس نقوی، مولانا ضیغم عباس، علامہ جاوید اکبر ساقی اور سید شہزاد زیدی شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں فتنہ فساد و دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی صورت اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہی چند عناصر ملک کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ درحقیقت ملک کی تمام مذہبی جماعتیں اَمن کے داعی ہیں اور دہشت گردی ، انتہا پسندی اور خون ریزی کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ اَمر انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں اور دیگر مکاتب فکر کے رہنماؤں جنہوں نے مجھ سے ملاقات کی ہے اس بات پر متفق ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شیعہ ، سنی اور دیگر مسالک کے لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں اور پیار و محبت اور امن کے ساتھ رہنے پر حتمی طور پر متفق ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین شیعہ شہریان پاکستان الحاج حیدر علی مرزا نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر شخص اَمن اور سکون چاہتا ہے اور جو چند عناصر ملک میں خون ریزی کررہے وہ پاکستان کے دُشمن ہیں۔ سابق صوبائی مشیر مذہبی امور طاہر اشرفی نے بھی گورنر پنجاب سے ملاقات کے دوران اُنکی اس بات پر یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم سب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی پُر زور تائید و حمایت کرتے ہیں۔قبل ازیں، مسلم لیگ(ضیاگروپ) کے رہنما اور ایم این اے اعجاز الحق نے 3 رُکنی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 294919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش