0
Thursday 22 Aug 2013 19:54
دہشتگردی کو کچلنے کا واحد آپشن ایکشن ہے

آئین، پارلیمنٹ، عدالتی نظام اور جمہوریت کو نہ ماننے والوں سے کس ایجنڈے پر مذاکرات ہونگے، صاحبزادہ حامد رضا

آئین، پارلیمنٹ، عدالتی نظام اور جمہوریت کو نہ ماننے والوں سے کس ایجنڈے پر مذاکرات ہونگے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا آغاز امریکی سپانسرڈ افغان جہاد کے نتیجے میں ہوا، جنرل ضیاء نے دہشت گردی کے بیج بوئے تھے، حکومت پہلے 80 دنوں میں کوئی ایک کامیابی بھی حاصل نہیں کر سکی، وزیراعظم کی تقریر نے قوم کی مایوسی اور ناامیدی میں اضافہ کیا ہے، مصری فوج کا عوام پر وحشیانہ تشدد ریاستی دہشت گردی ہے، غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات آمروں کی یادگار ہیں، 85 کے غیر جماعتی عام انتخابات کی پیداوار سیاستدان غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کروا کر جنرل ضیاء کی روح کو خوش کرنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ نون کا خمیر ہی غیر جماعتی انتخابات کی مٹی میں گندھا ہوا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی خزانے سے پانچ سو ارب کی پاور کمپنیوں کو ادائیگی کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے اور ان مشکوک ادائیگیوں کی وجہ سے مہنگائی کا ریلا آگیا ہے۔ حکومت کی تبدیلی سے قوم کو مزید مہنگائی، مزید دہشت گردی اور مزید مایوسی کا تحفہ ملا ہے، وزیراعظم کو اپنے خطاب میں اپنے خاندان کے اثاثے پاکستان منتقل کرنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا، دہشت گردی کو کچلنے کا واحد آپشن ایکشن ہے، آئین، پارلیمنٹ، عدالتی نظام اور جمہوریت کو نہ ماننے والوں سے کس ایجنڈے پر مذاکرات ہوں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے مغربی نعرے منافقانہ ہیں، ریاست کے تمام ادارے کام کرنا چھوڑ چکے ہیں، سرکاری اداروں میں عوام کو ذلت اور اذیت کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں حکومت پاک ایران گیس منصوبے کے ذکر سے کیوں شرماتی ہے۔ وزیراعظم کی تقریر ماضی کا مرثیہ، حال کا ماتم اور مستقبل کے خواب کے سوا کچھ نہیں تھی، وزیراعظم کے بجھے چہرے اور تھکے لہجے نے پورے ملک کو مایوسی میں ڈبو دیا ہے۔ مسلم حکمرانوں کی اکثریت امریکی غلامی کو فرض سمجھتی ہے۔ حکومت تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش پر توجہ دے۔ اجلاس میں مفتی محمد حسیب قادری، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد کریم خان، حاجی رانا شرافت علی قادری، راؤ حسیب احمد، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، شیخ اظہر سہیل، معین الحق علوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 294922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش