0
Friday 23 Aug 2013 11:00

مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے سوا کوئی حل نہیں، سردار یعقوب

مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے سوا کوئی حل نہیں، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے سوا کوئی دوسرا قابل عمل دیرپا اور جمہوری حل نہیں ہو سکتا۔ کشمیری عوام گذشتہ 65 برسوں سے ان قراردادوں پر عملدرآمد، حق استصواب رائے کے حصول اور بھارت کے بانی رہنمائوں کے وعدوں کے ایفا ہونے کے منتظر ہیں۔ تاہم کشمیری بھارت سے نہیں لڑنا چاہتے پرامن اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ جبوتہ ہائوس میں عالمی امن اور تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایف ڈی ایف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیاء سیک فرائیڈ ہرزوگ اورریذیڈنٹ رپریذنٹیٹو اولف کیلرہوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایف ڈی ایف کے ایڈمنسٹریٹر محمد اانور، اے جے کے ویمن فارپیس آرگنائزیشن کی صدر مسسز نیئر ملک، ڈاکٹر فاطمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدر آزاد کشمیر نے سیگ فرائیڈ ہرزوگ سے کہا کہ وہ جرمن شہری ہونے کے ناطے قوم کی تقسیم کا دکھ بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ دیوار برلن کی طرح لائن آف کنٹرول نے بھی ایک قوم کو تقسیم کر رکھا ہے۔ سینکڑوں خاندان تقسیم ہیں ایک بھائی ایل او سی کے ایک طرف اور دوسرا دوسری طرف ہے جو نصف صدی گزرنے کے باوجود باہم مل نہیں سکتے اور ہزاروں لوگ اپنے پیاروں کی صورت دیکھنے کی آس میں طبعی عمر پوری ہونے پر پیوند خاک ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات اور مذاکرات کے مخالف نہیں۔ دونوں ملک مذاکرات میں کشمیریوں کی نمائندگی یقینی بنائیں۔ 

انھوں نے کہاکہ پاکستان میں میاں نواز شریف کی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ کیونکہ وہ اس سے قبل بھی خطے میں پرامن بقائے باہمی کے اصول کے تحت سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ لاہور ڈیکلریشن پر دستخط کر چکے ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال کو سمجھے اور بھارت کو سیز فائر معاہدہ کی پاسداری کا پابند بنائیں۔ اس موقع پر ایف ڈی ایف کے عہدیداروں نے یقین دلایا کہ وہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 295032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش