0
Saturday 24 Aug 2013 22:25

امریکہ فرقہ وارانہ جنگ کو ہوا دے رہا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

امریکہ فرقہ وارانہ جنگ کو ہوا دے رہا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذہبی راہنما فرقہ وارانہ قتل و غارت روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، فرقوں کے نام پر خون بہانے والے اسلام دشمنوں کو خوش کر رہے ہیں، امریکہ فرقہ وارانہ جنگ کو ہوا دے رہا ہے، پاکستان میں غیر ملکی مذہبی مداخلت فرقہ وارانہ دہشت گردی کا سبب ہے، دہشت گردی میں ملوث تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ روکی جائے اور گستاخانہ مذہبی لٹریچر کی اشاعت پر پابندی عائد کی جائے، بھکر اور دریا خان میں دو فرقوں کی لڑائی میں گیارہ افراد کی ہلاکتیں افسوسناک ہیں، مذہبی طبقہ بندوق کی بجائے دلائل کو اپنا ہتھیار بنائے اور نظریات کا مقابلہ طاقت کی بجائے نظریات سے کرنے کی روش اپنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں فرقہ وارانہ قتل و غارت کے خاتمے اور امن و اخوت کے فروغ کے لیے ملک گیر تحریک امن و محبت شروع کرنے کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک امن و محبت کے دوران ملک بھر میں امن سیمینارز اور صوفی کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور امن و محبت کاروان چلائے جائیں گے، نیز تمام مذہبی و سیاسی راہنماؤں کو امن کی علامت کے طور پر سفید رومال پیش کئے جائیں گے۔ گمراہ کن تعبیرِ اسلام کے رد کے لیے مذاکرے کروائے جائیں گے اور اسلام کی امن و محبت پر مبنی تعلیمات پر مشتمل لٹریچر شائع کرکے تقسیم کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے کہا کہ مذہبی لیڈر اور سیاسی راہنما بہتے خون کو روکیں۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کو نہ روکا گیا تو گلی گلی میں لڑائی ہوگی۔ پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے سنجیدہ علماء امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور فرقہ واریت کی بھڑکتی آگ کو بجھانے کے لیے میدان میں آئیں۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ قاتلوں اور مقتولوں میں تقسیم ہوچکا ہے۔ لاشیں گرانا کاروبار بن گیا ہے۔ جہاد کے نام پر فساد کرنے والوں نے ڈاڑھی اور پگڑی کو بدنام کر دیا ہے۔

صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا کہ مصر میں قتل عام کے خلاف مظاہرے کرنے والے پاکستان میں خودکش حملوں کے خلاف جلوس کیوں نہیں نکالتے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر اپوزیشن کے تحفظات دور کئے جائیں۔ حکومت دہشت گردوں سے مذاکرات کی بجائے ان کے خلاف آپریشن کرے۔ گرفتار دہشت گردوں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل کیا جائے۔ مصر میں فوجی حکومت کے مظالم روکنے اور جمہوریت کی بحالی کے لیے مسلم حکمران، او آئی سی، عرب لیگ اور اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے۔ محمد یعقوب قادری کے قاتل گرفتار کئے جائیں۔

اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، مفتی کریم خان، علامہ سیّد خرم ریاض شاہ، پیر طارق ولی چشتی، معین الحق علوی، شیخ اظہر سہیل، الحاج سرفراز تارڑ، مولانا محمد اکبر نقشبندی، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، حاجی رانا شرافت علی قادری، راؤ حسیب احمد، ارشد جاوید مصطفائی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صاحبزادہ سیّد صابر شاہ گردیزی اور ڈاکٹر فریدہ احمد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 295357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش