QR CodeQR Code

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ جاری، خاتون سمیت 2 افراد شہید، 5 زخمی

26 Aug 2013 05:55

اسلام ٹائمز: عسکری ذرائع کے مطابق بےلگام بھارتی فوج نے اتوار کو بھی باغ سیکٹر میں کنٹرول لائن کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے خاتون سمیت 2 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی بین الاقوامی نہیں دوطرفہ معاملہ ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر کو زیادہ نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں ہفتے کی شام 7 بجے سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اتوار کی صبح نکیال کے علاقے پیر کلنجر میں بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص شہید ہوگیا، اس سے پہلے نکیال سیکٹر کے علاقے داتوٹ اور لنجوٹ میں بھی 2 مکانوں پر گولے گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

نکیال سیکٹر میں ترکنڈی، داتوٹ، لنجوٹ، پیر کلنجر، بالا کوٹ اور دیگر علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے، جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ اْدھر حیدر آباد دکن میں ایک تقریب کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی بین الاقوامی مسئلہ نہیں، دونوں ممالک کو ایسے واقعات خود حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعات دونوں جانب سے ہوتے ہیں مگر میڈیا انہیں درست انداز میں پیش نہیں کرتا۔


خبر کا کوڈ: 295689

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/295689/ایل-او-سی-پر-بھارتی-فائرنگ-گولہ-باری-کا-سلسلہ-جاری-خاتون-سمیت-2-افراد-شہید-5-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org