QR CodeQR Code

کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام شامی عوام اور حکومت کیخلاف سازش

مغربی ممالک کی شام میں فوجی مداخلت ناکامی سے دوچار ہوگی، بشار الاسد

26 Aug 2013 11:46

اسلام ٹائمز: روس کے ایک روزنامہ کے ساتھ انٹرویو میں بشار الاسد نے شامی باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی سختی سے تردید کی، انکا کہنا تھا کہ اپنے ہی لوگوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرنے کا الزام احمقانہ بات ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا ہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک کی شام میں فوجی مداخلت ناکامی سے دوچار ہوگی۔ روس کے ایک روزنامہ کے ساتھ انٹرویو میں بشار الاسد نے شامی باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی سختی سے تردید کی، ان کا کہنا تھا کہ اپنے ہی لوگوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرنے کا الزام احمقانہ بات ہے اور مغربی ممالک کے پراپیگینڈہ کابھرپور مقابلہ کیا جائے گا، انھوں نے یہ بھی کہا کہ مغربی ممالک کی شام میں جنگ کروانے کی سازش ناکام ہوگئی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق شامی صدر بشار الاسد نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام کیخلاف کسی بھی کارروائی کی غلطی نہ کرے، ورنہ اسے سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک روسی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک کبھی بھی مغربی یلغار میں نہیں آئے گا۔ امریکہ شام کیخلاف جارحیت اور فوجی کارروائی کا ارادہ تبدیل کر دے تو اس کیلئے اچھا ہوگا ورنہ وہ اپنی اس غلطی کا خمیازہ بھگتنے اور بدترین ناکامی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔ شامی صدر نے باغیوں کیخلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ ایک حکومت اپنے ملک میں جاری تشدد کو روکنے کیلئے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرے۔ دنیا کا کوئی بھی انسان اس پراپیگنڈے کو تسلیم نہیں کرسکتا، یہ محض شامی عوام اور حکومت کیخلاف سازش ہے۔


خبر کا کوڈ: 295744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/295744/مغربی-ممالک-کی-شام-میں-فوجی-مداخلت-ناکامی-سے-دوچار-ہوگی-بشار-الاسد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org