0
Wednesday 30 Jun 2010 11:47

افغان مسئلہ کا واحد حل سیاسی ہے،ملا عمر اس کا حصہ بن سکتے ہیں،ایڈمرل مولن

افغان مسئلہ کا واحد حل سیاسی ہے،ملا عمر اس کا حصہ بن سکتے ہیں،ایڈمرل مولن
واشنگٹن:روزنامہ جسارت کے مطابق امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے اعتراف کیا ہے کہ افغانستان میں مسئلے کا واحد حل سیاسی ہے،انہوں نے طالبان رہنما ملا عمر کو سیاسی حل کا حصہ بنانے کا بھی عندیہ دیدیا ہے۔امریکی ریاست کولوراڈو میں سیکورٹی کانفرنس سے خطاب میں افغانستان اور پاکستان کی طرف سے طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل کی کوششوں کے حوالے سے ایڈمرل مولن نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا ایک ہی حل ہے اور وہ سیاسی حل ہے۔جہاں تک مفاہمتی عمل کا تعلق ہے اس کا کوئی حصہ ہو گا یا نہیں یہ کہنا مشکل ہے،تاہم اس کے ساتھ اس امکان کو رد کرنا بھی مشکل ہے کہ ایسی شخصیات یا تنظیمیں جو اس وقت دشمن ہیں،وہ بھی اس عمل کا حصہ ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات سے حیران ہیں کہ طالبان افغانستان میں کتنے غیر معروف ہو چکے ہیں،وہاں دوبارہ طالبان طرز کی حکومت کی کوئی خواہش نہیں پائی جاتی۔ایران کے حوالے سے مولن کا کہنا ہے کہ ایران پر حملہ خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہو گا،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کیلئے کوشش جاری رکھے گا،اور یہ خود ایران کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔ایڈمرل مائیک مولن کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے فوجی طاقت کے ذریعے بھی روکا جاسکتا ہے،تاہم حملے کی صورت میں خطے پر پڑنے والے تباہ کن اثرات سے امریکا اور اسرائیل دونوں اچھی طرح آگاہ ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے پھرالزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں القاعدہ کی پناہ گاہیں ہیں،افغانستان کی سیکورٹی کی صورتحال نازک ہے،افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں برداشت نہیں کریں گے۔واشنگٹن میں اپنے عہدے کی توثیق کیلئے سینیٹ کی مسلح افواج کی کمیٹی کی سماعت کے دوران ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا کہ وہ امریکی صدر کی نئی پالیسیوں سے متفق ہیں،افغانستان میں امریکی سفیر اور پاک افغان کیلئے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک سے مل کر کام کروں گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،افغانستان میں حالیہ برسوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے،افغانستان میں عدم استحکام قبائلی کشیدگی اور سیاسی چیلنجز کی وجہ سے مزاحمت کا سامنا ہے،جس کی وجہ سے افغانستان کی سیکورٹی کی صورتحال نازک ہے۔
آج نیوز کے مطابق امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے کہا ہے کہ مسئلہ افغانستان کا واحد حل طالبان رہنما ملا عمر کو سیاسی عمل کا حصہ بنانا ہے۔امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے ایسپین سیکورٹی فورم سے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں مسئلے کا واحد حل طالبان کے رہنما ملا عمر کو سیاسی عمل کا حصہ بنانا ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لئے طالبان سے پاکستان اور حامد کرزئی کے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ سیاسی حل ہی افغانستان کے مسئلے کا واحد حل ہے۔
مائیک مولن نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ اس عمل کا کون حصہ ہو گا،مگر وہ سیاسی گروپ جو اس وقت دشمن ہیں،اس عمل کا حصہ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قندھار آپریشن افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے باعث ملتوی کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 29587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش