0
Tuesday 27 Aug 2013 17:55

سانحہ بھکر کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے، ڈی پی او کی معطلی کا مطالبہ

سانحہ بھکر کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے، ڈی پی او کی معطلی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیرِاہتمام سانحہ بھکر اور اُس میں پنجاب حکومت اور انتظامیہ کی جانبدارانہ رویے کیخلاف ملک بھر میں علامتی دھرنے دیئے گئے۔ پنجاب میں شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، سرگودھا، سیالکوٹ، جھنگ، فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان، وہاڑی، بورے والا، چنیوٹ، پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، پنڈ دادنخان، راولپنڈی، اٹک، رحیم یار خاں، منڈی بہاوالدین، مونہ سیداں، حیدر آباد تھل، منکیرہ، اٹھارہ ہزاری سمیت مختلف اضلاع و تحصیلوں میں دھرنے دیئے گئے۔ لاہور میں ناصر باغ لوئر مال پر دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

دھرنے کی قیادت علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ امتیاز کاظمی نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء  علامہ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے، جس کی مثال بھکر کا واقعہ ہے، بھکر میں پُرامن محب وطن ہمارے کارکنوں کو نااہل ڈی پی او نے یوم پاکستان کی ریلی کی اجازت نہیں دی اور دوسری طرف کالعدم جماعت کے دہشت گردوں کو جو ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان سے طالبان اور القاعدہ کے امپورٹ شدہ شرپسند تھے، اُن کو پولیس کی حفاظت میں مسلح ریلی کی اجازت اور شیعہ آبادی پر حملہ کرنے میں ڈی پی او سرفراز احمد فلکی نے معاونت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں شامل متنازع شخص رانا ثناء اللہ جو کالعدم دہشت گرد تنظیم کا سرپرست اعلٰی ہے، بھکر واقعے میں ملوث ہے، پنجاب حکومت کو ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی اور رانا ثناءاللہ کے بارے میں معلومات کے ہوتے ہوئے خاموشی بڑی مہنگی پڑے گی۔
 
دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ ابوذر مہدوی کا کہنا تھا کہ یہ کیسی حکومت ہے جو ہمارے پیاروں کی شہادت پر دلاسہ دینے کی بجائے رسمِ قل پر حملہ کرکے قرآن کی بے حرمتی، خواتین پر تشدد، سینکڑوں گرفتار اور زخمی کر دیئے، کیا ہم ہندو معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں، ایسی حرکتیں تو غیر مسلم حکمران بھی نہیں کرتے۔ اُن کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور حکومت کے اندر موجود کالی بھیڑیں اُنکی سرپرستی کر رہی ہیں، بھکر واقعے کی شفاف تحقیقات تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھکر کا واقعہ دراصل ایک بڑے گیم پلان کا حصہ تھا جو ہمارے پرامن کارکنوں نے ناکام بنا دیا، طالبان اور القاعدہ کے شرپسند جنگجوؤں کو بُلا کر یہ خونی کھیل کھیلا گیا، جس میں ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی شامل تھا، لیکن ہمارے مطالبات کے باوجود حکومت اُس دہشت گرد نواز ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی کی سرپرستی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پُرامن جدوجہد سے اِس سازش کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں علامہ حسن ہمدانی صوبائی رہنماء مجلس وحدت مسلمین پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈی پی او بھکر کو معطل اور غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بننے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 296079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش