QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ کردیا

27 Aug 2013 18:16

اسلام ٹائمز: لندن سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ کراچی کے نہتے عوام اور تاجر برادری کی امیدوں کا واحد محور و مرکز اب فوج ہی ہے، انسانی جانوں اور تاجروں کے کاروبار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سندھ حکومت، کراچی کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی روکنے میں بالکل ناکام ہوگئے ہیں، دہشت گردی کے کسی بھی واقعے کے بعد یہ ادارے متاثرہ علاقوں سے ایسے غائب ہوجاتے ہیں جیسے یہ کبھی تھے ہی نہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی صورت حال کا نوٹس لے کر اسے فوج کے حوالے کریں اور انسانی جانوں اور تاجروں کے کاروبار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے نہتے عوام اور تاجر برادری کی امیدوں کا واحد محور و مرکز اب فوج ہی ہے۔ لیاری کی کھچی برادری کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اپنے گھروں کو واپس آنے والے خاندانوں پر فائرنگ، راکٹ لانچروں سے حملے اور بم دھماکے کھلی دہشت گردی ہے جس نے لوگوں کی واپسی کی خوشیوں کو بھی خاک میں ملادیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 296086

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/296086/ایم-کیو-کے-قائد-الطاف-حسین-نے-کراچی-میں-فوج-بلانے-کا-مطالبہ-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org