0
Wednesday 28 Aug 2013 19:53

مسلم لیگ (ن) جمہوری اداروں کو بائی پاس کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی، علی اکبر گجر

مسلم لیگ (ن) جمہوری اداروں کو بائی پاس کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمہوری اداروں کو بائی پاس کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں کراچی دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بن جائے گا۔ قوم نے جہاں مشرف اور پیپلز پارٹی کے دو ادوار برداشت کئے وہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھی کچھ وقت دیں، وہ کراچی کو امن کا گہوارہ بنا دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صوبائی میڈیا سیل میں امن و امان کے مخدوش حالات پر اہک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے امن کے لئے وفاقی حکومت کے ہر اقدام کی بھرپور حمائت کی جائے گی۔
 
علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ کے پارٹی رہنماﺅں کی تجویز ہے کہ کراچی و اندرون سندھ امن کی بحالی کے لئے بلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ کراچی کے منتخب نمائندے نہ صرف شہر کراچی کا امن بحال کریں گے بلکہ سندھ میں بھی امن و امان کے حوالے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے حوالے سے صوبے کے دکھ کو بلدیاتی نمائندے ہی بہتر سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اگر بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی تو مسلم لیگ (ن) سندھ اپنی مرکزی قیادت سے یہ استدعا کرنے میں حق بجانب ہوگی کہ فوری طور پر سندھ میں خدمت کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ عوام کے ساتھ رابطوں اور انتظامی افسران کی کارکردگی میں بہتری لا کر شہر کراچی سمیت سندھ کے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 296461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش