QR CodeQR Code

کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کرینگے، بشار الاسد

29 Aug 2013 22:45

اسلام ٹائمز: جمعرات کے روز یمن کے دمشق میں یمن کے سیاستدانوں کے ایک وفد کیساتھ ملاقات میں شامی صدر کا کہنا تھا کہ انکا ملک امریکہ، اسرائیل، انکے اتحادیوں اور بعض علاقائی ملکوں کی حمایت سے شامی حکومت کیخلاف لڑنیوالے دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے مصمم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا ہے کہ ملک پر کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز شام کے دارالحکومت دمشق میں یمن کے سیاستدانوں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ شامی صدر کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دھمکیاں اور جارحیت شام کے عزم اور استقلال میں مزید اضافے کا باعث بنیں گی۔ بشار الاسد کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکہ، اسرائیل، ان کے اتحادیوں اور بعض علاقائی ملکوں کی حمایت سے شامی حکومت کے خلاف لڑنے والے دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے مصمم ہے۔
شامی صدر نے مزید کہا کہ شام اپنے عوام کی استقامت اور شامی فوج شجاعت کی بدولت اسرائیلی اور مغربی ممالک کے مفادات کا تحفظ کرنے والے، خطے میں شگاف اور شامی عوام کے درمیان تفرقہ ایجاد کرنیوالے دہشتگردوں کو نابود کر دیگا۔ قبل ازیں لبنان کے ایک اخبار نے بشار الاسد کے حوالے سے خبر دی ہے کہ انہوں نے جمعرات کے روز شامی حکام کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ انکا ملک امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ہونے والی جنگ میں ضرور کامیاب ہوگا۔ 

 دیگر ذرائع کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ مغربی ممالک کی طرف سے حملے کی دھمکیوں کے بعد اپنا پہلا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شامی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دمشق کے خلاف فوجی جارحیت کے جواب میں شامی حکومت اپنا بھرپور دفاع کرے گی، ملک کی آزادی ان کی ذمے داری ہے، جسے وہ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں خانہ جنگی کے ذمے دار اسرائیل اور مغربی ممالک ہیں جو خطے کا امن تباہ کرنے کیلئے مقامی لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ شام میں زہریلی گیس کی تحقیقات کرنے والی اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم اپنا مشن مکمل کرکے ہفتے کو شام سے واپس چلی جائے گی۔ 


خبر کا کوڈ: 296829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/296829/کسی-بھی-جارحیت-کی-صورت-میں-بھرپور-دفاع-کرینگے-بشار-الاسد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org