0
Saturday 31 Aug 2013 22:57

سیاسی جماعتو ں کو قیام امن کیلئے مسلح گروپوں کی سرپرستی ترک کرنی ہوگی، قاری عثمان

سیاسی جماعتو ں کو قیام امن کیلئے مسلح گروپوں کی سرپرستی ترک کرنی ہوگی، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ اگر مجوزہ فوجی آپریشن بھی سابقہ آپریشنز کی طرح رہا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ دہشت گردوں، بھتہ مافیا کے خلاف آپریشن ضرور ہونا چاہئے لیکن سیاسی انتقام نہیں۔ سیاسی جماعتوں کو قیام امن کیلئے مسلح گروپوں کی سرپرستی ترک کرنی ہوگی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاﺅن میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری عنایت اللہ سواتی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم عمومی کراچی مولانا محمد غیاث، مولانا گل محمد تالونی، مولانا ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مولانا عبدالرحمان، مولانا حبیب اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ سندھ کی حکومت ناکام ترین حکومت ہے جس کے دور اقتدار میں شہریوں کو خون میں نہلا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ دونوں ادوار میں وزیراعلیٰ سندھ کی ناکامی واضح ہے لیکن اگر اسی وزیراعلیٰ کی کپتانی میں دہشت گردوں اور بھتہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا جاتا ہے تو اس کا کوئی فائدہ ہوتا نظر نہیں آتا۔
 
قاری محمد عثمان نے کہا کہ اگر تمام سیاسی قوتیں خلوص کے ساتھ شہر میں قیام امن کیلئے کھڑی ہو جائیں اور ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کیلئے جو مسلح گروپوں کی سرپرستی کی جاتی ہے اسے ختم کیا جائے تو کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر شہر کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں شدت ملک و کراچی کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پورے ملک کی معیشت وابستہ ہے اگر کراچی کی معیشت تباہ ہوگی تو پھر ملکی معیشت بھی تباہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب کراچی شہر میں تاجر، اور ٹرانسپورٹرز عدم تحفظ کا شکار ہونگے تو معیشت کس طر ح مستحکم ہو سکے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو مکمل تحفظ فراہم کا جائے تاکہ وہ اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سے کمر توڑ مہنگائی کے باوجود مزید مہنگائی عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافہ کو واپس لیا جائے اور عوام کی قوت برداشت کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 297376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش