0
Tuesday 3 Sep 2013 14:42

کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس 4 ستمبر کو ہوگا، متحدہ کو شرکت کی خصوصی دعوت

کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس 4 ستمبر کو ہوگا، متحدہ کو شرکت کی خصوصی دعوت
اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاﺅس سندھ میں کراچی شہر میں امن و امان کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس آج بروز منگل کے بجائے بروز بدھ (کل) کراچی میں ہوگا- جس کی صدارت وزیراعظم محمد نواز شریف کریں گے۔ اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے گورنر ہاﺅس کراچی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امن و امان سے متعلق تفصیلی بریفنگ تیار کرلی ہے، جو وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بھی وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں قیام امن اور کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف تیار کردہ پلان پیش کریں گے اور صوبائی اور وفاقی حکومت کی مشاورت سے کراچی میں قیام امن کیلئے حتمی پلان مرتب کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کی جانب سے 2008ء سے لیکر اب تک امن و امان کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے، یہ رپورٹ سندھ پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی معاونت سے تیار کی گئی ہے۔ مذکورہ رپورٹ میں سندھ حکومت کو نفری، جدید اسلحہ سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے درپیش مشکلات کا بھی ذکر گیا ہے۔
 
سندھ حکومت کی رپورٹ میں 2008ء سے لیکر اب تک پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کی جانب سے کئے گئے ٹارگٹیڈ آپریشن اور گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کی مکمل تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں جبکہ رپورٹ میں اس سلسلے میں عدالتوں میں پیش کردہ چالان اور عدالتوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ پولیس میں نئی بھرتیاں آﺅٹ آف ٹرن پروموشن ختم ہونے کے بعد مسائل سے نمٹنے کیلئے نئے افسران کی تعیناتی اور ملک بھر سے کچھ افسران کو واپس کراچی بلانے کی سفارش کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے۔ کسی بھی گرینڈ اپریشن سے نمٹنے کیلئے وفاق سے خصوصی گرانٹ کی طلب گار ہوگی۔
 
سندھ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صرف متحدہ قومی موومنٹ کو بلانے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے پہلے وفاقی اور صوبائی وزیروں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو مختلف سیاسی جماعتوں سے مل کر صورتحال کو واضح کرے۔ سندھ حکومت کی تجویز ہے کہ کراچی میں کسی بھی آپریشن کی نگرانی اور اس پر عمل درآمد کیلئے خصوصی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماء بزنس مین اور معزز شہری شامل ہوں، جو ساری صورتحال کی نگرانی کریں اور وقتاً فوقتاً وفاق، صوبے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان کوآرڈیشن کا کردار ادا کریں گے۔
 
اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اس خصوصی اجلاس میں وفاقی وزراء کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ کی اجلاس میں معاونت کیلئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو بھی اس اجلاس میں خصوصی شرکت کیلئے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو ایک تحریری درخواست دے دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے ایک خط تحریر کیا گیا ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کراچی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت کیلئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 298140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش