0
Wednesday 4 Sep 2013 04:14

جنگ کا آغاز امریکیوں کے ہاتھ میں ہے لیکن اس کا اختتام امریکیوں کے ہاتھ میں نہیں ہوگا، علامہ امین شہیدی

جنگ کا آغاز امریکیوں کے ہاتھ میں ہے لیکن اس کا اختتام امریکیوں کے ہاتھ میں نہیں ہوگا، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی پچیسویں برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے آٹھ ستمبر کو سرزمین اسلام آباد پر منعقد ہونیوالے دفاع وطن کنونشن کے اجتماع میں ملک کے طول و عرض سے ایک لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی شرکت متوقع ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کنونشن کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دفاع وطن کنوشن کے انعقاد کے لیے تشکیل دی جانیوالی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
 
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں ملکی اور بین الاقوامی نازک حالات کے پیش نظر بیداری پیدا کرنا عصر حاضر کی اولین ضرورت ہے، انشاء اللہ ملت اسلامیہ کے اس عظیم اجتماع کے دوران عوام میں وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور بحرانوں سے نکلنے کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دفاع وطن کنونشن میں زیادہ تعداد میں لوگ راولپنڈی اور اسلام آباد سے آئیں گے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع اور خیبر پختوںخوا سے لوگ قافلوں کی شکل میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اجتماع میں سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی بھی بھرپور نمائندگی ہوگی، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شرکائے اجتماع کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا اور ایک موثر پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران انہوں نے شام پر امریکی حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام افغانستان ہے نہ عراق، شام اسٹریٹجک حوالے سے انتہائی حساس ملک ہے اور آج اس ملک کو اسرائیل دشمنی اور خطے میں واحد اینٹی اسرائیل قوت ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، اگر امریکہ نے شام پر حملے کی غلطی کی تو پورا خطہ جنگ کی آگ کی لپیٹ میں آ جائے گا اور خطے کے دیگر ممالک بھی اس آگ کے شعلوں کی زد میں آجائیں گے، اس جنگ کا آغاز تو ہوسکتا ہے کہ امریکیوں کے ہاتھ میں ہو، لیکن اس کا اختتام امریکیوں کے ہاتھ میں نہیں ہوگا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی نائب سربراہ نے کہا کہ پاکستان کو شام کے حوالے سے واضح موقف اپناتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی توسیع پسندانہ عزائم کی بھرپور مخالفت کرنی چاہیے اور پاکستان سے شام ایکسپورٹ کئے جانیوالے دہشتگردوں کا راستہ روکنا بھی ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 298344
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش