QR CodeQR Code

یوم دفاع ہماری تاریخ کا یادگار دن ہے، سردار یعقوب

6 Sep 2013 12:20

اسلام ٹائمز: 6 ستمبر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر آزاد ریاست کا کہنا تھا کہ شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم بھی وطن عزیز کے لیے قربانیاں پیش کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں پاک افواج اور عوام نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاک وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ قوم نے جس بے مثال یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ ایک مثال ہے۔ 6 ستمبر پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر، وزیراعظم اور وزیراطلاعات بازل نقوی نے کہا کہ اپنے سے کئی گنا بڑے ملک کی افواج کو عبرتناک شکست دینا پاک افواج کا سنہری کارنامہ ہے۔ سردار یعقوب کا کہنا ہے کہ 1965ء میں پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے بیرونی جارحیت کے خلاف ایسی مزاحمت کی تھی جس کے نتیجے میں دشمن ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور اس لحاظ سے یہ دن ہماری قوم کے اتحاد کا نشان بن چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کا ناکام بنایا۔ صدر آزاد ریاست نے کہا کہ آج سے 48 سال قبل اس روز ہم نے ایسی ملی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کا شاندار مظاہرہ کیا کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی بجا طور پر اس پر فخر کر سکیں گی۔ ہماری مسلح افواج نے شجاعت، قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ اعلی جنگی مہارت، حکمت عملی اور نظم و ضبط کے ایسے مظاہرے پیش کیے جن کی مثالیں دنیا کی تاریخ میں کم نظر آتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نے اپنے حق کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ بھارت نے نہتے اور بے سروسامان کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی ہے۔ لیکن کشمیری عوام ان مظالم کا بڑی پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان کے حوصلے بلند ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔ صدر نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہم اپنے ان عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس عہد کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم بھی نہ صرف وطن عزیز کے لیے قربانیاں پیش کرتے رہیں گے بلکہ ان کی روشن مثال ہمارے لیے ہمیشہ مشعل راہ ثابت ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 299155

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/299155/یوم-دفاع-ہماری-تاریخ-کا-یادگار-دن-ہے-سردار-یعقوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org