QR CodeQR Code

سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر شام پر حملہ کھلی جارحیت ہوگی

جی20 اجلاس، عالمی طاقتیں شام کیخلاف کارروائی پر متفق نہ ہوسکیں

6 Sep 2013 12:55

اسلام ٹائمز: اجلاس کے پہلے روز عشائیے میں شام کی صورتحال پر غور کیا گیا، جس میں روس اور چین نے شام کیخلاف فوجی کارروائی کی بھرپور مخالفت کی۔ روسی صدر نے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ شام پر حملے کی منظوری دے دے تو روس اس کی حمایت کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ روس میں جی 20 اجلاس میں شریک عالمی طاقتیں شام کے خلاف فوجی کارروائی پر متفق نہ ہوسکیں۔ روس کا کہنا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کی منظوری کے بغیر حملہ کیا گیا تو روس شام کو میزائل دفاعی نظام فراہم کرے گا۔ دنیا کے 20 بڑے ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم گروپ ٹوئنٹی کا دو روزہ اجلاس روس کے شہر پیٹرزبرگ میں جاری ہے۔ اجلاس کے پہلے روز عشائیے میں شام کی صورتحال پر غور کیا گیا، جس میں روس اور چین نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کی بھرپور مخالفت کی۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ شام پر حملے کی منظوری دے دے تو روس اس کی حمایت کرے گا، تاہم اگر سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر امریکہ نے شام پر حملہ کیا تو یہ کھلی جارحیت ہوگی۔
 چین کے نائب وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر شام پر حملہ کیا گیا تو خام تیل کی قیمتیں بہت بڑھ جائیں گی اور اس کے عالمی معیشت پر انتہائی منفی اثرات ہوں گے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ کی کمیٹی نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ قرارداد اگلے ہفتے امریکی سینیٹ اور ایوان نمایندگان میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ اوباما انتظامیہ کو امید ہے کہ کانگریس شام پر حملے کی منظوری دے دے گی۔ ادھر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ شام میں کیمائی ہتھیاروں کے استعمال کے نئے شواہد ملے ہیں اور اب اگر امریکہ پیچھے ہٹا تو اس سے بشار الاسد اور ان جیسے دیگر حکمرانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 299170

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/299170/جی20-اجلاس-عالمی-طاقتیں-شام-کیخلاف-کارروائی-پر-متفق-نہ-ہوسکیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org