QR CodeQR Code

ڈی جی رینجرز کا نیٹو کنٹینرز کی چوری کے بارے میں انکشاف انتہائی حساس نوعیت کا ہے، قادر مگسی

6 Sep 2013 14:03

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی نے کہا کہ کراچی بدامنی میں پیپلز پارٹی براہ راست ملوث ہے جس نے متحدہ کو اقتدار میں شریک رکھا اور انکی حکومت میں اسلحہ سے بھرے نیٹو کنٹینرز چوری ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ ڈی جی رینجرز کا نیٹو کنٹینرز کی چوری کے بارے میں انکشاف انتہائی حساس نوعیت کا ہے۔ یہ معاملہ سندھ کی سلامتی سے تعلق رکھتا ہے جس میں سندھ کے گورنر اور سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری ملوث ہیں، جن کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے اور اسلحہ سے بھرے کنٹینرز کا گم ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کراچی شہر کے امن کو تباہ و برباد کرنے کی سازش کی گئی ہے جسے سندھ کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندے کے ساتھ خصوصی طور پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے کراچی میں امن و امان کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو بہتر سمجھتے ہیں مگر کراچی میں سیاسی اثرات سے پاک آپریشن کیا جائے اور مجرم چاہے کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہو اس کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ کراچی کے امن کو خراب کرنے میں پیپلز پارٹی برائے راست ملوث ہے جس نے پانچ سال تک ایم کیو ایم کو اقتدار میں شریک رکھا اور ان کے دور حکومت میں اسلحہ سے بھرے کنٹینرز کی چوری کا واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس میں موجود سیاسی جماعتوں کے کارکن کو فوری طور پر نکال دیا جائے اور آپریشن کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے تو مطلوبہ نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 299212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/299212/ڈی-جی-رینجرز-کا-نیٹو-کنٹینرز-کی-چوری-کے-بارے-میں-انکشاف-انتہائی-حساس-نوعیت-ہے-قادر-مگسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org