0
Friday 6 Sep 2013 15:01

شام کی بشار حکومت نے نہیں بلکہ امریکی حمایت یافتہ لوگوں نے عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کئے، غنویٰ بھٹو

شام کی بشار حکومت نے نہیں بلکہ امریکی حمایت یافتہ لوگوں نے عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کئے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال سامراجی قوتوں کی دنیا کے مختلف ممالک میں اپنے مفادات اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے روا رکھے جانے والے رویوں جن میں ترقی پذیر اور پس ماندہ علاقوں میں مختلف حیلے بہانے، عسکری یلغار اور اقتصادی پابندیاں شامل ہیں۔ تاریخ کی حرکیات (Dynamics) اس بات کی واضح نشاندہی کر رہے ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام اور اسکی وارث سامراجی قوتیں بالخصوص امریکا زوال پذیر معاشرے میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نظریاتی سیاست سامراجی قوتوں کے خلاف نبردآزما ہو اور وہ نظریہ جو مذکورہ قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہے وہ بھٹوازم ہے جو ایک سوشلسٹ معاشرے کا قیام اور حقیقی عوامی جمہوریت ہی میں مضمر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی سندھ کونسل کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
غنویٰ بھٹو نے امریکا کی جانب سے شام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے بہانے حملہ کرنے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت کے بالکل برعکس ہے کہ شام کی بشار الاسد حکومت نے مظاہرے کرنے والوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ شامی حکومت کی حمایت کرنے والی عوام پر امریکا کے حمایت یافتہ لوگوں نے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے۔ انہوں نے اس موقع پر برطانیہ کے عوام اور پارلیمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے وزیراعظم برطانیہ کو مجبور کیا کہ وہ شام پر حملہ کرنے پر امریکا کی حمایت نہ کرے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے پروردہ ممالک جانتے ہیں کہ سلطنت روم، سلطنت عثمانیہ کے زوال کی طرح ان کا زوال بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز پاکستان جن سنگین مسائل کا شکار ہے جن میں دہشت گردی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، مہنگائی و دیگر شامل ہیں کی واحد وجہ حکمرانوں کی جانب سے اپنے بیرونی آقاوں کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اپنی توانائی صرف کرنے کا نتیجہ ہے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) وہ واحد جماعت ہے جو ایک اپنے نظریہ بھٹو ازم پر عمل پیرا ہو کر ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوامی راج قائم کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو ازم دراصل معاشی مساوات قیام اور حقیقی عوامی راج کا دوسرا نام ہے۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ملک میں امیر، امیرتر اور غریب، غریب تر ہوتا جا رہا ہے جس کا منطقی نتیجہ یہ ہے کہ ملک بالخصوص کراچی جرائم کی آماج گاہ بن گیا ہے۔ جب تک موجودہ استحصالی نظام قائم رہے گا ملک امن اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے رابطہ مہم کو تیز تر کریں اور عوام کو باور کرائیں کہ ملک کے اصلی وارث لیڈر اور محافظ وہ ہیں اور موجودہ حکمران عوام کا استحصال کرنے اور انہیں غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کے درپے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے سندھ میں پارٹی کی تنظیم نو اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ مذکورہ اجلاس میں سالار انقلاب شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے 20 ستمبر کو منائی جانے والے یوم شہادت کے سلسلہ میں انتظامات کو آخری شکل دی گئی اور اس موقع پر بعض قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 299235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش