0
Saturday 7 Sep 2013 10:10

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا گیا

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم دفاع پاکستان کے چاروں صوبوں کی طرح ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف اور گلگت بلتستان میں ملی بیداری، انتہائی جوش و خروش اور اس تجدیدعہد کے ساتھ منایا گیا کہ جب تک ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات اور دہشت گردی سے مکمل نجات حاصل نہیں ہو جای تب تک ہم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ وطن کی سرحدوں کے لیے لہو کے چراغ روشن کرتے رہیں گے۔ یوم دفاع کے سلسلہ میں آزاد کشمیر بھر میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی کال پر " ہم تجھ پر فدا اے وطن " کے عنوان سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس ضمن میں سب سے بڑی ریلی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید اور مہاجرین جموں و کشمیر کے رہنما عزیز احمد غزالی و دیگر مکاتب فکر کے نمائندوں نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اور آزاد کشمیر کے جھنڈے اور دفاع وطن کے لیے مرمٹنے والے قومی ہیروز اور نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والوں کی تصاویریں اٹھا رکھیں تھیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں بھارت کی عسکری جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قومی سپوتوں اور پرامن مہذب پاکستانی و کشمیری عوام نے جس طرح جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی قومی خودداری کو قائم رکھا وہ آج بھی امن پسند قوموں کے لیے نشان منزل ہے۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور سکیورٹی کونسل کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق اگر کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے میں عالمی برادری نے فیصلہ کن کردار ادا نہ کیا تو دو جوہری ریاستوں کے درمیان ایٹمی تصادم کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکے گی۔ انھوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی دفاع وطن اس لیے بھی جوش و خروش اور قومی جذبہ کے ساتھ مناتی ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے لیے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنیاد رکھی اور پھر وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے وطن عزیز کے دفاع کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔
خبر کا کوڈ : 299444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش