0
Saturday 7 Sep 2013 13:47

برطانوی پارلیمنٹ کیجانب سے شام پر فوج کشی کو مسترد کرنے کی قرارداد قابل ستائش ہے، غنویٰ بھٹو

برطانوی پارلیمنٹ کیجانب سے شام پر فوج کشی کو مسترد کرنے کی قرارداد قابل ستائش ہے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم عوام کے استحصالی نظام سے آزادی حاصل کرنے کی امنگ اور عالمگیریت کے ابھرتے نظریہ کے تناظر میں یہ امر لازم ہے کہ خود پاکستان کے عوام کو نچلی سطح تک حق حکمرانی منتقل کیا جائے تاکہ سامراجی قوتوں بالخصوص امریکا کے جانب سے پس ماندہ علاقوں پر عسکری و اقتصادی قبضہ کے خلاف مزاحمت کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی سندھ کونسل کے اجلاس میں اپنی اختتامی تقریر کے دوران کیا۔ غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ آج تاریخ کی حرکیات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ خود سامراجی قوتوں کے اندر تضادات ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے شام پر فوج کشی کے اعلان کے بعد وہاں کی پارلیمنٹ کی جانب سے حکومتی اعلان کو مسترد کرنے کی قرارداد ایک قابل ستائش امر ہے۔ امریکی سینٹ اور کانگریس سے بھی مذکورہ قرارداد کی توقع ہے کہ جس کے ذریعے وہ اپنی حکومت کو چھوٹے ممالک پر اپنا قبضہ جمانے کے عمل سے باز رکھیں گے۔
 
غنویٰ بھٹو نے اس موقع پر مجوزہ بلدیاتی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی مذکورہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی باوجود اسکے کہ ان کی جماعت نئے بلدیاتی نظام جو برطانوی راج کے دور کے کمشنری نظام کا چربہ ہے یکسر مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ عوام پر اپنے تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے اﷲ تعالی کی طرف سے اصلاح معاشرہ کے لئے جتنے رسول، نبی اور آسمانی کتابیں بھیجی ہیں ان سے منسوب مذاہب کی بھی غلط تشریح کرتے آئے ہیں اور آج بھی کسی نہ کسی صورت میں عوام پر ظلم روا رکھنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ (شہید بھٹو) کے صوبائی صدر سردار تاج محمد ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کے بانی چیئرمین سالار انقلاب شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے سترہویں یوم شہادت کے سلسلہ میں سندھ میں ”ہفتہ مرتضیٰ “منایا جائے گا اور مجوزہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا جس کیلئے تمام اضلاع کے صدور کی سربراہی میں پانچ رکنی ضلعی پارلیامانی بورڈ زبنانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 299525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش