0
Saturday 7 Sep 2013 21:13

یوسف گیلانی نے بیٹے کی بازیابی کے لئے مولانا سمیع الحق سے مدد مانگ لی

یوسف گیلانی نے بیٹے کی بازیابی کے لئے مولانا سمیع الحق سے مدد مانگ لی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے اپنے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے مدد مانگ لی۔ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ملاقات کے دوران یوسف رضا گیلانی نے مولانا سمیع الحق سے اپنے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کے بازیابی کے لئے تعاون کی اپیل کی جس پر مولانا سمیع الحق نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے جب وہاں امن ہو گا تو پاکستان بھی پرامن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر صرف ان کا بیٹا ہی نہیں بلکہ انتخابی امیدوار بھی تھا اور عام انتخابات میں کسی بھی امیدوار کے اغوا کا مطلب پورے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے مترادف ہوتا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیٹے کا اغوا ہونا ان کا ذاتی نقصان تھا اس لئے انہوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کیا کیونکہ وہ اپنی ذات سے قومی نقصان کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ یوسف رضا گیلانی نے مولانا سمیع الحق سے بیٹے کی بازیابی کے لئے اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔

اس موقع پر جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس صرف وقت ٹالنے کی بات ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں بھی 2 مرتبہ اے پی سی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، ملک کی تمام سیاسی اور دینی جماعتیں مل کر کشتی کو منجھدار سے نکالیں گی اور جہاں تک علی حیدر کی بازیابی کی بات ہے وہ انشا اللہ سرخرو ہو کر واپس لوٹے گا۔

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو ملتان سے انتخابی مہم کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا، اس دوران علی حیدر کا پرسنل سیکرٹری جاں بحق جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ادھر ملتان سے اسلام ٹائمز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک طالبان نے سابق وزیر اعظم سے بیٹے کی رہائی کے لئے تاوان طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اس معاملے کی خبر سکیورٹی فورسز کو کی گئی تو انہیں بیٹا زندہ نہیں ملے گا۔ سابق وزیر اعظم نے اس دھمکی کے بعد سکیورٹی فورسز کے بجائے بابائے طالبان مولانا سمیع الحق سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے تاوان دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے اور مولانا سمیع الحق کو بطور ضامن کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ رقم بھی نہ ڈوبے اور بیٹا بھی زندہ وسلامت مل جائے تاہم گیلانی خاندان کے افراد اس حوالے سے کچھ کہنے سے گریزاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 299603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش